فٹنس کا راز کیا ہے؟ شعیب ملک نے بتادیا

08 نومبر 2021
— تصویر: ایم عارف/ وائٹ اسٹار
— تصویر: ایم عارف/ وائٹ اسٹار

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں شامل پاکستانی اسکواڈ کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک نے اپنی فٹنس کا راز ظاہر کردیا۔

اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں 18 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کرنے والے شعیب ملک سے میچ کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں ان کی فٹنس کے حوالے سے سوال کیا گیا۔

جواب میں شیعب ملک نے اپنی فٹنس کا راز ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے خود کو فٹ دیکھنے کا جنون ہے، مجھے آج بھی کرکٹ کھیلنے میں مزہ آتا ہے اور اس سے ٹیم کو بھی فائدہ ہورہا ہے۔ اگر آپ کو فٹ رہنا ہے تو آپ کو روز ٹریننگ کرنی ہوگی اور میں بھی یہی کرتا رہا ہوں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ انہیں مزید کتنا عرصہ کرکٹ کھیلنی ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم اور آسٹریلوی ٹیم دونوں ہی اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے آرہے ہیں اور یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے چیلنج ہوگا لیکن اگر ہم اسے ایک عام میچ کی ہی طرح دیکھیں تو شاید ہم اپنے منصوبوں پر زیادہ آسانی سے عمل کرسکیں گے۔ منیجمنٹ کی جانب سے بھی یہی پیغامات دیے جارہے ہیں کہ اس میچ کو ایک عام میچ کی ہی طرح دیکھا جائے‘۔

ٹیم میں شمولیت اور ڈریسنگ روم کے ماحول کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ’جب ورلڈ کپ کے لیے پہلی بار ٹیم کا اعلان ہوا تو اس میں میرا نام نہیں تھا اور اس وجہ سے میں مایوس بھی ہوا، لیکن ایک پروفیشنل کھلاڑی کے طور پر آپ کو کسی طرح مایوسی سے نکلنا ہوتا ہے۔ میں ان دنوں کیریبئن پریمیئر لیگ کھیل رہا تھا اور واپس آکر میں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ بھی کھیلا کیونکہ میں اب بھی میدان میں اترتے ہوئے بہت اچھا محسوس کرتا ہوں ہوتا ہوں‘۔

ٹیم میں مجموعی ماحول کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’میں لاہور میں ٹیم کے ساتھ شامل ہوا، وہاں 5 سے 8 دن کا کیمپ تھا اور تمام کھلاڑی سخت محنت کر رہے تھے اور ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم تھے۔‘

شعیب ملک نے مزید کہا کہ ’آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کھلاڑی ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں اور ٹیم منیجمنٹ بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، اور ایک کھلاڑی کو انہی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے‘۔ شعیب ملک نے کہا کہ مجموعی طور پر ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں