• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:08pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:35pm
  • ISB: Maghrib 5:14pm Isha 6:39pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:08pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:35pm
  • ISB: Maghrib 5:14pm Isha 6:39pm

پاکستان مسلم لیگ (ق) حکومت کی حمایت جاری کیلئے ہچکچاہٹ کا شکار

شائع November 15, 2021
مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی نے مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا—فائل/فوٹو: ڈان
مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی نے مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا—فائل/فوٹو: ڈان

پاکستان مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پنجاب اور وفاق میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومتوں کی حمایت جاری رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ق)پنجاب کے صدر پرویز الہیٰ کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جہاں ڈالر اور پیٹرول کی قیمت میں تاریخی اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پنجاب ہمیں نظر انداز کر رہی ہے، مسلم لیگ (ق)

اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی بگڑتی صورت حال کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمت میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

مسلم لیگ (ق) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت عام آدمی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت غیرضروری مسائل میں الجھی رہی تو موجودہ حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔

پارلیمانی پارٹی نے پرویز الہٰی کو جماعت کی جانب سے فیصلے لینے کی متفقہ طور پر اجازت دے دی۔

مسلم لیگ (ق) کے پارلیمانی اجلاس میں وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ، مونس لہٰی، سینیٹر کامل علی آغا، اراکین قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الہٰی، مسز فرخ خان اور اراکین صوبائی اسمبلی حافظ عمار یاسر اور باؤ رضوان بھی شریک تھے۔

مزید پڑھیں: حکومت کی کارکردگی، عدم مشاورت پر اتحادیوں کا تحفظات کا اظہار

اس سے قبل 13 نومبر کو مسلم لیگ (ق) نے پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شکوہ کیا تھا کہ فیصلہ سازی میں پارٹی کی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس موجودہ سیاسی حالات پر کھل کر گفتگو کے ساتھ ساتھ حکومت پنجاب کے رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر کامل آغا نے کہا تھا کہ ’اتحادی ہونے کے باوجود بجٹ کے دوران حکومت نے صرف اسمبلی کے اسپیکر سے بات کی اور تب انہیں ان کی حمایت کی ضرورت تھی‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے رویے پر متعدد شکایات موصول ہوچکی ہیں۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ وہ ابھی صرف پنجاب حکومت کے خلاف تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں اور انہوں نے اب تک وفاقی حکومت کے خلاف ناراضی کا اظہار نہیں کیا ہے۔

حکومت کی اتحادی جماعت کے رہنما نے کہا تھا کہ پارٹی ابھی صرف حکومت پنجاب کے خلاف تحفظات کا اظہار کر رہی ہے اور اگر ان کے تحفظات پر غور نہیں کیا گیا تو وہ دیگر سیاسی اختیارات کے استعمال کے لیے آزاد ہوں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی دیگر اتحادی جماعتوں نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ای وی ایم سے متعلق قانون سازی کے معاملے پر وزیراعظم کی اتحادیوں، وزرا سے ملاقات

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے ایک ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جماعت کا حکومت پر اعتماد بکھر چکا ہے کیونکہ ایم کیو ایم، حکومت کو درست سمت میں جاتے ہوئے نہیں دیکھ رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم حکمران پی ٹی آئی کی بری حکمرانی (گورننس) کی ذمہ داری نہیں بانٹ سکتی کیونکہ اہم قومی معاملات پر انہیں کبھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

مسلم لیگ (ق) کے سیکریٹری اطلاعات کامل علی آغا نے بھی اپنی جماعت کی جانب سے اسی طرح کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے اہم فیصلہ سازی میں مسلم لیگ (ق) سے مشاورت نہیں کی۔

انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر حکومت نے اپنے طریقے نہ سدھارے تو ہمیں حتمی فیصلہ کرنا پڑے گا۔

کارٹون

کارٹون : 1 نومبر 2024
کارٹون : 31 اکتوبر 2024