دوسرے ٹی 20 میں بھی بنگلہ دیش کو شکست، پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

20 نومبر 2021
فخر زمان 51 گیندوں میں 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے — فوٹو: اے ایف پی
فخر زمان 51 گیندوں میں 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے — فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا سکی — فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا سکی — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 5 کے مجموعے پر اس کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس کے بعد نجم الحسین شانتو اور عفیف حسین نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور 51 تک پہنچایا، اس موقع شاداب خان نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے ذریعے عفیف کی اننگز کا خاتمہ کیا اور وہ 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا سکی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے نجم الحسین شانتو نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے اور وہ شاداب کی گیند پر انہی کو کیچ تھماکر میدان سے رخصت ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 2، 2 جبکہ محمد وسیم، حارث رؤف اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلے ٹی20 میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان 4 وکٹوں سے کامیاب

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو 12 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا اور کپتان بابر اعظم ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے۔

محمد رضوان اور فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی فتح کے لیے راہ ہموار کی اور 85 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

محمد رضوان نے چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے جبکہ فخر زمان 51 گیندوں میں 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن اور امین الاسلام کو ایک، ایک وکٹ حاصل ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں