چنیوٹ: اسسٹنٹ کمشنر جھنگ کو کزنز نے فائرنگ کر کے قتل کردیا

05 دسمبر 2021
مقتول کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے— فائل فوٹو: ڈان
مقتول کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے— فائل فوٹو: ڈان

صوبہ پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں ذاتی تنازع پر اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر کو ان کے کزنز نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

پنجاب پولیس کے مطابق واقعہ چنیوٹ میں چک نمبر 237 کی تحصیل بھوآنہ میں پیش آیا جہاں عمران جعفر کا آبائی گاؤں ہے اور وہ ان دنوں اپنے گھر چھٹیوں پر آئے ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: سزا یافتہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنر گرفتاری سے بچ کر لاہور روانہ

مقتول اسسٹنٹ کمشنر عمران جعفر کا اپنے چچا زاد بھائیوں کے ساتھ سیوریج نالی کا تنازع چل رہا تھا اور اتوار کی دوپہر عمران جعفر کو مبینہ طور پر ان کے کزن سہیل اور دیگر ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ دوپہر پونے 12 بجے کے قریب پیش آیا جب مقتول گھر سے ڈیرے کی طرف جا رہے تھے کہ سہیل اصغر نے ان پر فائرنگ کردی اور جائے حادثہ سے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔

ملزم کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور 34 کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور انسپکٹر جنرل پولیس راؤ سردار علی خان نے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر کے قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد عمران محمود سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کیلئے نازیبا الفاظ کے استعمال پر فردوس عاشق کو تنقید کا سامنا

ڈی پی او چنیوٹ کیپٹن (ر) بلال افتخار نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں، تمام وسائل بروئے کار لا کر جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ایک منجھے ہوئے آفیسر سے محروم ہو گئی اور قاتلوں کو جلداز جلد گرفتار کرکے قانون کے کہڑے میں کھڑا کیا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Tahir Naseem Dec 06, 2021 06:54am
Correct Sentence پنجاب پولیس کے مطابق واقعہ چنیوٹ کی تحصیل بھوآنہ کےچک نمبر 237 میں پیش آیا جہاں عمران جعفر کا آبائی گاؤں ہے اور وہ ان دنوں اپنے گھر چھٹیوں پر آئے ہوئے تھے۔