خاتون سے بدتمیزی پر عاطف اسلم میوزک کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2021
خاتون کی شکایت کے بعد عاطف اسلم کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے—اسکرین شاٹ
خاتون کی شکایت کے بعد عاطف اسلم کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے—اسکرین شاٹ

سوشل میڈیا پر متعدد ایسی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جن میں معروف گلوکار عاطف اسلم کو دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والا ایک میوزک کنسرٹ ادھورا چھوڑ کر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عاطف اسلم کے میوزک کنسرٹ میں شامل کچھ لوگ شور شرابہ کرکے کنسرٹ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

11 کو ہونے والے اس کنسرٹ میں شریک افراد خالی بوتلیں اسٹیج پر پھینکتے رہے جب کہ لوگوں کو مجمع میں بھی دھکم پیل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کنسرٹ منتظمین لوگوں کو بار بار فاصلہ اختیار کرنے اور دھکم پیل و شور شرابہ بند کرنے کی ہدایات بھی دیتے دکھائی دیے تاہم اس کے باوجود بعض لوگ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عاطف اسلم کو بھی لوگوں کو شور شرابہ ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود کوئی بھی خاموشی اختیار نہیں کرتا۔

اس سلسلے میں سب سے زیادہ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکی اسٹیج پر روتی ہوئی عاطف اسلم کے پاس آتی ہے اور انہیں کوئی شکایت کرتی ہے، جس کے بعد گلوکار مذکورہ لڑکی کے ہمراہ اسٹیج چھوڑ کر جاتے دکھائی دیتے ہیں۔

عاطف اسلم کی جانب سے اسٹیج چھوڑ کر جانے پر منتظمین نے اعلان کیا کہ دھکم پیل اور لوگوں کی حرکتوں کی وجہ سے میوزک کنسرٹ کو ختم کرنا پڑ رہا ہے۔

مذکورہ شو اسلام آباد میں ہو رہا تھا، جس میں راولپنڈی سمیت دیگر شہروں سے بھی لوگ آئے تھے۔

میوزک کنسرٹ میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر عاطف اسلم کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کرنے لگا جب کہ متعدد لوگوں نے ٹوئٹس اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کنسرٹ میں موجود لوگوں کی جانب سے بدتمیزی کی شکایات بھی کیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

ajmal Dec 15, 2021 10:04am
کیا کنسرٹ میں آئے لوگ یونیورسٹیز سے پڑھے ہوئے نہیں تھے ؟ کیا کنسرٹ میں آئے لوگ غریب جاہل تھے ؟ کیا کنسرٹ میں آئے لوگ مولوی داڑھی ٹوپی والے تھے ؟