ٹی20 کرکٹ کا سال 2021 رضوان کے نام، متعدد ریکارڈز توڑ ڈالے

اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2021
محمد رضوان نے ٹی20 کرکٹ میں اپنی عمدہ کارکردگی سے نئی تاریخ رقم کردی— فوٹو: اے ایف پی
محمد رضوان نے ٹی20 کرکٹ میں اپنی عمدہ کارکردگی سے نئی تاریخ رقم کردی— فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز محمد رضوان نے رواں سال اپنی عمدہ کارکردگی سے ٹی20 کرکٹ میں کئی نئے ریکارڈ قائم کرلیے۔

رواں سال محمد رضوان کے لیے کئی لحاظ سے یادگار رہا لیکن خصوصاً ٹی20 کرکٹ میں اپنی عمدہ کارکردگی سے انہوں نے نئی تاریخ رقم کردی اور متعدد ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

مزید پڑھیں: بابر، رضوان کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان کی تیسرے ٹی20 میں ریکارڈ ساز فتح

رضوان نے رواں سال ٹی20 میں مجموعی طور پر 2ہزار سے زائد رنز اسکور کیے اور یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔

رضوان نے مجموعی طور پر 2ہزار 36 رنز اسکور کیے جس میں ایک سنچری اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیں جنہوں نے اسی سال ایک ہزار 779 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی20 رنز کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں ایک ہزار 655 رنز بنائے تھے۔

رضوان نے رواں سال ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز کا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا اور مجموعی طور پر انٹرنیشنل ٹی20 کرکٹ میں اس سال ایک ہزار 326 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم 939رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا صرف ڈیڑھ گھنٹہ قبل بتایا گیا، کوہلی

اس سے قبل ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل ٹی20 رنز کا ریکارڈ آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں 748رنز بنائے تھے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان اب تک بحیثیت اوپنر چھ سنچری شراکت قائم کر چکے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل سب سے زیادہ پانچ سنچری شراکتوں کا ریکارڈ بھارتی جوڑی لوکیش راہول اور روہت شرما کے پاس تھا۔

پاکستان کی ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں اب تک 4 مرتبہ 150رنز سے زائد کی شراکت قائم ہوئی ہے اور چاروں مرتبہ یہ کارنامہ اسی جوڑی نے انجام دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں