’سنگ ماہ‘ کی پہلی قسط 7 جنوری کو سینماؤں میں دکھانے کا اعلان

03 جنوری 2022
ڈرامے کی سینما میں دکھانے کے بعد اسے ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—پرومو فوٹو
ڈرامے کی سینما میں دکھانے کے بعد اسے ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—پرومو فوٹو

شائقین کا طویل انتظار ختم ہوا اور آنے والے میگا کاسٹ ڈرامے ’سنگ ماہ‘ کو آئندہ ہفتے 9 جنوری سے ٹی وی پر نشر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی پہلی قسط 7 جنوری کو سینماؤں میں دکھانے کی بھی تصدیق کردی گئی۔

’سنگ ماہ‘ کے ذریعے گلوکار عاطف اسلم اداکاری کا ڈیبیو کر رہے ہیں اور ڈرامے کے جاری کیے گئے ٹیزرز میں ان کی اداکاری کو سراہا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سنگ ماہ‘ کے ٹیزر نے شائقین کے دل جیت لیے

ڈرامے کے ٹریلرز سے عندیہ ملتا ہے کہ عاطف اسلم بااثر روایتی قبائلی سردار کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

’سنگ ماہ‘ کی دیگر کاسٹ میں نعمان اعجاز، ان کے بیٹے زاویار اعجاز، ہانیہ عامر، کبریٰ خان اور ثانیہ سعید سمیت سامیہ ممتاز اور میکال ذوالفقار بھی شامل ہیں۔

ڈرامے کی ہدایات سیفی حسن دے رہے ہیں، جنہوں نے مذکورہ ڈرامے کے پہلے سیزن یعنی ’سنگ مر مر‘ کی ہدایات بھی دی تھیں۔

’سنگ ماہ‘ 2016 میں نشر ہونے والے ڈرامے 'سنگِ مر مر' کا سیکوئل ہے، جس کی کہانی پاکستان کے قبائلی علاقہ جات کے خاندان اور وہاں کی رسم و رواج کے گرد گھومتی ہے، جس وجہ سے شائقین نے اسے بہت سراہا تھا۔

ہم ٹی وی نے ڈرامے کا نیا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایاکہ ’سنگ ماہ‘ کے ’ہلمند‘ یعنی عاطف اسلم 7 جنوری کو سینما آ رہے ہیں۔

عاطف اسلم نے بھی ڈرامے کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے ڈیبیو ڈرامے کی پہلی قسط 7 جنوری کو سینماؤں میں دکھائی جائے گی، علاوہ ازیں زاویار نعمان نے بھی اس حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کیا۔

ہم ٹی وی نے ڈرامے کے ٹریلر جاری کرتے ہوئے ’سنگ ماہ‘ کو آئندہ ہفتے 9 جنوری سے ٹی وی پر نشر کرنے کی بھی تصدیق کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں