’ڈھولکی‘ کی رسم سے صبور علی کی شادی کی تقریبات کا آغاز

03 جنوری 2022
اداکارہ کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ برس مئی میں اداکار علی انصاری کے ساتھ منگنی کے بندھن میں بندھ جانے والی اداکارہ صبور علی کی ’ڈھولکی‘ کی رسم کی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوگئیں۔

’ڈھولکی‘ کی رسم عام طور پر پاکستانی شادیوں میں کم از کم شادی کی مرکزی تقریب سے ایک ہفتہ قبل شروع ہوجاتی ہے، تاہم بعد مرتبہ یہ دو ہفتے قبل بھی شروع ہوجاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صبور علی اور علی انصاری کی منگنی

’ڈھولکی‘ کی رسم کے دوران دلہن یا دولہے کے گھر قریبی رشتے داروں اور دوستوں کی آمد کا سلسلہ ہوتا ہے اور خوشی کے موقع پر ان کی مہمان نوازی کی جاتی ہے۔

امر خان نے صبور علی کی ڈھولکی کی تصویر شیئر کی—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
امر خان نے صبور علی کی ڈھولکی کی تصویر شیئر کی—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

اداکارہ صبور علی کی ’ڈھولکی‘ کی رسم کی تصاویر سب سے پہلے سارا سیلون کے انسٹاگرام پر شیئر کی گئیں، جنہیں بعد ازاں اداکارہ امر خان اور کنزہ ہاشمی نے بھی شیئر کیا۔

مزید پڑھیں: صبور علی اپنی اور علی انصاری کی ویڈیو شوٹ کرنے والوں پر برہم

’ڈھولکی‘ کی تصاویر میں صبور علی کو امر خان اور کنزیٰ ہاشمی سمیت میک اپ آرٹسٹ سارا خان کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر صبور علی کی بعض ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں، جن سے متعلق دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ اداکارہ کی ڈھولکی کی ویڈیوز ہیں۔

صبور علی کی ’ڈھولکی‘ کی رسومات کی تصاویر اور ویڈیوز ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب کہ حال ہی میں ان کی قریبی سہیلی اداکارہ منال خان نے ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں بتایا تھا کہ صبور علی جلد شادی کرنے والی ہیں۔

مذکورہ پروگرام میں منال خان کے شوہر احسن محسن اکرام نے صبور علی کو ان کی جلد ہونے والی شادی پر مبارک باد پیش کی تھی، جس پر احسن خان نے کہا تھا کہ اداکارہ اور علی انصاری کی شادی جنوری میں ہوگی، جس کا اعلان بھی ہو چکا ہے۔

میزبان احسن خان اور شوہر احسن محسن اکرام کے جواب میں منال خان نے تصدیق کی تھی کہ صبور علی کی شادی جنوری میں ہونے جا رہی ہے اور اس بات کا علم ہر کسی کو ہوچکا ہے۔

خبریں ہیں کہ صبور علی اور علی انصاری جنوری کے وسط تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے اور ان کی ‘ڈھولکی‘ اور ‘ابٹن‘ کی رسومات 10 دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

مذکورہ شو کے ایک ہفتے بعد صبور علی کی ’ڈھولکی‘ کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دو ہفتے قبل ہی صبور علی کی قریبی سہیلی اور ان کے منگیتر علی انصاری کی بہن مریم انصاری کی شادی ہوئی تھی۔

مریم انصاری نے سابق قومی کرکٹر معین خان کے بیٹے اویس خان سے دسمبر 2021 کے آخر میں شادی کی تھی، دونوں نے فروری 2021 میں نکاح کیا تھا۔

’ڈھولکی‘ کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے پر تاحال صبور علی یا ان کے منگیتر علی انصاری نے کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی ان کے قریبی دوست یا اہل خانہ شادی سے متعلق مزید تفصیلات کا اعلان کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں