صدر مملکت عارف علوی دوسری مرتبہ کورونا وائرس کا شکار

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2022
اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی گزشتہ سال 29مارچ کو وائرس کا شکار ہوئے تھے— فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی گزشتہ سال 29مارچ کو وائرس کا شکار ہوئے تھے— فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دوسری مرتبہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور انہوں نے عوام سے ایس اوپیز پر عمل درآمد کی اپیل کی ہے۔

صدر عارف علوی نے جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ میں دوبارہ کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہوں۔

مزید پڑھیں: دنیا بھر میں اومیکرون کے وار جاری: بھارت میں 90 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

انہوں نے مزید کہا کہ چار پانچ دنوں سے گلے میں خراش تھی تاہم اب بہتر ہو رہا ہوں، دو راتوں پہلے کچھ گھنٹے تک ہلکا بخار محسوس ہوا البتہ کوئی علامات نہیں ہیں۔

انہوں نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر دوبارہ اختیار کریں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔

واضح رہے کہ صدر مملک کا کووڈ ٹیسٹ ایک ایسے موقع پر مثبت آیا ہے جب پاکستان میں تقریباً 3 ماہ بعد پہلی مرتبہ ایک دن میں ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کیسز میں تیزی سے اضافے کی وجہ وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کو قرار دیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ملک میں وائرس کی پانچویں لہر آ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا کے ایک ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ، مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے بڑھ گئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے آج گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کے آپشن پر فی الحال غور نہیں کیا جا رہا البتہ فوری توجہ ویکسینیشن رفتار بڑھانے پر ہے۔

اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی گزشتہ سال 29مارچ کو وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں کووڈ-19 کی ویکسین کا صرف ایک ڈوز لگا تھا جبکہ ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے کہا تھا کہ صدر مملکت میں معمولی علامات تھیں لیکن وہ اچھا محسوس کررہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں