ایشز: عثمان خواجہ کی آسٹریلوی ٹیم میں شاندار واپسی، دونوں اننگز میں سنچری

08 جنوری 2022
عثمان خواجہ نے دوسری اننگز میں آؤٹ ہوئے بغیر 101 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو: رائٹرز
عثمان خواجہ نے دوسری اننگز میں آؤٹ ہوئے بغیر 101 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو: رائٹرز

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد بلے باز عثمان خواجہ نے ٹیم میں دو سال کے وقفے کے بعد شان دار واپسی کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف ایشز کے چوتھے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے ایشز سیریز کے چوتھے میچ میں چوتھے روز آسٹریلیا کی ٹیم نے انگلینڈ پہلی اننگز میں آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ بیٹنگ کی۔

یہ بھی پڑھیں: سڈنی میں اسٹوکس کے ساتھ معجزہ، ٹنڈولکر نے قانون بدلنے کا مطالبہ کردیا

آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی سنچری مکمل ہوتی ہی اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

عثمان خواجہ نے مسلسل دو سنچریاں بنائی—فوٹو: اے ایف پی
عثمان خواجہ نے مسلسل دو سنچریاں بنائی—فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 294 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 122 رنز کے خسارے کا شکار ہوئی۔

جونی بیئراسٹو اور بین اسٹوکس نے انگلینڈ کی ٹیم کو 294 رنز بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا اور دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 113 اور 66 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے باؤلر اسکاٹ بولینڈ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، ناتھن لائیون اور کپتان پیٹ کمنز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کو آؤٹ کرنے کے بعد میزبان آسٹریلیا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ڈیوڈ وارنر 12 کے اسکور پر صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد مارکوس ہیرس 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: ایشز: بولینڈ کی تباہ کن باؤلنگ، انگلینڈ 68رنز پر ڈھیر، سیریز آسٹریلیا کے نام

عثمان خواجہ اور کیمرون گرین نے شان دار بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور 265 رنز تک پہنچایا اور اس دوران کیمرون 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم میں 2019 کے بعد واپسی کرنے والے بلے باز عثمان خواجہ برق رفتار اننگز کھیلی اور 138 گیندوں کا سامنا اور ناقابل شکست 101 رنز بنائے۔

عثمان خواجہ کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

عثمان خواجہ نے کیریئر کی 10 ویں سنچری بنائی—فوٹو:کرکٹ آسٹریلیا ٹوئٹر
عثمان خواجہ نے کیریئر کی 10 ویں سنچری بنائی—فوٹو:کرکٹ آسٹریلیا ٹوئٹر

آسٹریلیا نے دوسری اننگز 6 وکٹوں پر 265 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی اور انگلینڈ کو 388 رنز کا مشکل ہدف دےدیا۔

چوتھے روز کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 30 رنز بنائے تھے، حسیب حمید 8 اور زیک کراؤلی 22 رنز پر کھیل رہے تھے۔

قبل ازیں پہلی اننگز میں عثمان خواجہ نے 137 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم میں شان دار واپسی کی تھی اور ان کی اس شان دار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے 416 رنز بنائے تھے۔

عثمان خواجہ نے انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں سنچری بنا کر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی سنچریوں کی تعداد 10 کرلی۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے ابتدائی تین میچوں میں انگلینڈ کو شکست دے کر ایشز سیریز اپنے نام کرلیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں