کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر ٹریفک حادثہ، چیئرمین سینیٹ کے بھائی جاں بحق

ٹریفک حادثہ اوتھل میں پیش آیا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
ٹریفک حادثہ اوتھل میں پیش آیا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے سکن اوتھل میں کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی جاں بحق ہوگئے۔

لسبیلہ انتظامیہ کے مطابق ہفتے کو اوتھل کے قریب کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ میں سکن اوتھل کے مقام پر کراچی سے کوئٹہ جانے والی کار مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹیکر سے ٹکرائی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر مسافر بس الٹنے سے 14 افراد جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ کار اور آئل ٹینکر کے ٹکر کے نتیجے میں ڈرائیور یونس شاہ موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ چیئرمین سینٹ آف پاکستان کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی شدید زخمی ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ سالار خان سنجرانی کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال اوتھل منتقل کیا گیا، مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ضلع لسبیلہ کی انتظامیہ نے کہا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کردی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے چیئرمین سینیٹ سے تعزیت کی۔

قاسم سوری نے بیان میں کہا کہ ‘اوتھل کے قریب کراچی سے کوئٹہ جانے والی گاڑی اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی اور ان کے ڈرائیور محمد یونس کے انتقال پر افسردہ ہوں’۔

انہوں نے دعا کہ ‘اللہ تعالیٰ سے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا ہے’۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس فروری میں اوتھل میں ہی وایار فام کے نزدیک کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر مسافر کوچ الٹنے سے 14 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: 2 ٹریفک حادثوں میں 13 افراد جاں بحق، 35 زخمی

پنجگور سے کراچی آنے والی بس کے حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل 20 جنوری 2021 کو پنجگور جانے والی مسافر کوچ الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکاروں سیمت 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر اکثر حادثات رونما ہوتے ہیں اور قیمتی جانیں چلی جاتی ہیں۔

اگست 2020میں ضلع مستونگ میں کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں چار فٹبالر جاں بحق ہوگئے تھے۔ ؎ اگست میں ہی ضلع سبی میں مزدا ٹرک اور مسافر ویگن کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بچوں اور خاتون سمیت 10 مسافر جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں