’آرٹسٹ رائلٹی ریزولوشن‘ منظور کروانے پر شوبز شخصیات فیصل جاوید کی معترف

اپ ڈیٹ 18 جنوری 2022
شوبز شخصیات نے فیصل جاوید خان کا شکریہ ادا کیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
شوبز شخصیات نے فیصل جاوید خان کا شکریہ ادا کیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

فنون لطیفہ اور خصوصی طور پر شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات سینیٹ آف پاکستان سے ’آرٹسٹ رائلٹی ریزولوشن‘ منظور کروانے پر سینیٹر اور سینیٹ کی اطلاعات و نشریات کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین فیصل جاوید خان کی تعریفیں کر رہی ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے سینیٹ 317 ویں اجلاس میں 17 جنوری کو ’ٓآرٹسٹ رائلٹی ریزولوشن‘ پیش کیا تھا، جسے ایوان نے منظور کرلیا۔

سینیٹر نے ریزولیشن کو پیش کرنے اور اس کے پاس ہونے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے فنکار برادری کو مبارک باد پیش کی تھی۔

انہوں نے ایک سال قبل ہی فنکاروں کو ان کے کام اور خدمات کی عوض ’رائلٹی‘ کی مد میں ہر بار دوبارہ معاوضہ دینے سے متعلق قانون سازی کروانے کا اعلان کیا تھا۔

فیصل جاوید خان نے مذکورہ ’ریزولوشن‘ کو گزشتہ ماہ 24 دسمبر 2021 کو سینیٹ میں پیش کیا تھا، جسے 17 جنوری کو کثرت رائے سے منظور کیا گیا۔

اسی حوالے سے فیصل جاوید خان نے ہم ٹی وی کے مارننگ شو میں بتایا کہ ’رائلٹی ریزولوشن‘ پاس ہونے سے ’کاپی رائٹس ایکٹ 1962‘ میں ترامیم کرکے نئی قانون سازی کی راہ ہموار ہوگئی جب کہ ملک میں ’کاپی رائٹس‘ کے قوانین بھی سخت ہوجائیں گے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اب تک پاکستان میں کسی بھی اداکار یا گلوکار کو اگر ٹی وی کے بعد تھیٹر یا پھر کسی تقریب میں پرفارمنس کرنی پڑتی ہے یا پھر ان کا ڈراما یا فلم دوبارہ نشر یا ریلیز ہوتی ہے تو فنکار کو صرف ایک بار ہی معاوضہ ملتا ہے مگر نئی قانون سازی کے بعد آرٹسٹ کو ہر بار معاوضہ ملنا شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے مذکورہ ’ریزولوشن‘ پاس ہونے کے بعد اب ’آرٹسٹ‘ لفظ کی بھی دوبارہ تشریح کی جائے گی اور مذکورہ بل تمام پرفارمنگ آرٹسٹس کو تحفظ فراہم کرے گا۔

سینیٹر فیصل جاوید خان کی جانب سے ’رائلٹی ریزولوشن‘ کو پیش کرنے اور اسے پاس کروانے پر شوبز شخصیات نے ان کی تعریفیں کیں اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے فنکاروں کو دوبارہ معاوضہ ملنے کی قانون سازی پر ٹوئٹ کرتے ہوئے فنکار برادری کو مبارک باد پیش کی۔

فنکاروں کو ہر بار دوبارہ معاوضہ فراہم کرنے پر ماضی میں آواز اٹھانے والے اداکار میکال ذوالفقار نے بھی قانون سازی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فیصل جاوید خان کا مذکورہ بل پاس کروانے پر شکریہ ادا کیا۔

ہمایوں سعید نے بھی رائلٹی پر قانون سازی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف سینیٹر فیصل جاوید خان بلکہ ایوان کا بھی شکریہ ادا کیا جب کہ انہوں نے فنکار برادری کو بھی مبارک باد پیش کی۔

اداکار و میزبان واسع چوہدری، اداکارہ رمشا خان، میزبان و اداکار فخر عالم اور دیگر شوبز شخصیات نے بھی مذکورہ قانونی سازی پر جہاں فنکار برادری کو مبارک باد پیش کی، وہیں فیصل جاوید خان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں