آئی سی سی ورلڈ کپ میں بسمہ معروف کی بطور کپتان واپسی

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2022
پاکستانی ٹیم کا اسکواڈ روانگی سے 10 روز قبل تیاری کا حتمی مرحلہ شروع کرے گی— فائل فوٹو: بسمہ معروف ٹوئٹر
پاکستانی ٹیم کا اسکواڈ روانگی سے 10 روز قبل تیاری کا حتمی مرحلہ شروع کرے گی— فائل فوٹو: بسمہ معروف ٹوئٹر

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی بلے باز بسمہ معروف کو آئی سی سی سی ویمن ورلڈ کپ کے لیے کپتان مقرر کردیا گیا، سلیکشن کمیٹی نے ٹورنامنٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان بھی کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا اعلان بسمہ معروف کی دو سال بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی نشاندہی کرتا ہے، انہوں نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لیےدسمبر 2020 میں کرکٹ سے وقفہ لیا تھا۔

بسمہ معروف نے گزشتہ ماہ کرکٹ میں اپنی واپسی کی تصدیق کی تھی، کرکٹ کی دنیا میں دوبارہ جلوہ گر ہونے کے لیے بسمہ کرکٹ کی سرگرمیوں اور فٹنس سیشن میں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

پی سی بی کے بیان میں بسمہ معروف کا حوالہ دیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ 'ایک اور ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث فخر ہے، مجھے اپنے پسندیدہ کام کرکٹ میں واپس آنے پر بہت خوشی ہے اور میں نے اپنی زندگی اسی کے لیے وقف کی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹر بسمہ معروف کے ہاں بیٹی کی پیدائش

انہوں نے کہا کہ حالیہ میچوں کا انتخاب ان کے لیے 'نتیجہ خیز' ثابت ہوا اور انہوں نے ہر جگہ 'مسابقتی اور چیلنجنگ ماحول' میں پریکٹس کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میرا مقصد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا ہے اور میرا ماننا ہے کہ اس ٹیم میں جیتنے کی صلاحیت موجود ہے'۔

دریں اثنا، ورلڈ کپ کے لیے ندا ڈار بسمہ معروف کی نائب کپتان ہوں گی۔

بی سی پی کا کہنا ہے کہ ٹیم میں غلام فاطمہ، ناہیدہ خان اور بلے باز ارم جاوید کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر طوبیٰ حسن اور وکٹ کیپر ناجیہہ علوی کو اضافی کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں بتایا کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر اسکواڈ کا حصہ کائنات امتیاز اور ثانیہ اقبال کو انجری کے باعث منتخب نہیں کیا گیا۔

کرکٹ بورڈ نے جاری کردہ بیان میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی سربراہ اسماویہ اقبال کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا کہ'میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے منتخب اسکواڈ کی ہر کھلاڑی کو مبارک باد دینا چاہتی ہوں'۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ویمن ٹیم کا فاتحانہ انداز میں آغاز

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسکواڈ کے انتخاب کے دوران نیوزی لینڈ میں حالات اور چیلنجز سے لڑنے کے لیے کھلاڑیوں فورم اور ٹیم کے توازن پر غور کیا۔

پاکستانی ٹیم کا اسکواڈ روانگی سے 10 روز قبل تیاری کا حتمی مرحلہ شروع کرے گا، کیمپ کا آغاز 27 جنوری سے کراچی میں ہوگا، ٹیم 8 جنوری کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ

آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ندا ڈار (نائب کپتان) ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، جویریہ خان، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نصرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں۔

ٹیم کے اضافی کھلاڑیوں میں ارم جاوید، ناجیہہ علوی، اور طوبیٰ حسن شامل ہے۔

مزید پڑھیں: ویمن ٹی ٹوئنٹی:پاکستان کا مایوس کن آغاز

معاونین میں عائشہ جلیل (ٹیم مینجر)، ڈیوڈ ہیپ (ہیڈ کوچ)، ارشد خان (اسسٹنٹ کوچ)، کامران حسین (اسسٹنٹ کوچ)، صبور احمد (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشن کوچ)، ذبیر احمد (تجزیہ کار)، احسن افتخار نگی(میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کونٹینٹ مینجر) اوررفعت اصغر گل بطور( فزیو تھراپسٹ) شامل ہیں۔

آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان کے میچز کا آغاز 6 مارچ سے ہوگا۔

• پاکستان اپنا پہلا میچ 6 مارچ کو بھارت کے خلاف ترانگا کے بے اوول میں گراؤنڈ میں کھیلے گا۔

• پاکستان کا دوسرا مقابلہ 8 مارچ کو اسی گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ہوگا۔

• پاکستان کا تیسرا میچ 11 مارچ کو ہوگا جس میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بے اوول گراؤنڈ میں اترے گی۔

• چوتھا میچ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 مارچ کو ہیملٹن کے سیڈن پارک گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

• 21 مارچ کو ہونے والے پانچویں میچ میں پاکستان کا مقابلہ اسی گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔

• 24 مارچ کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کرائسٹ چرچ کے ہاگلے اوول گراؤنڈ میں انگلینڈ سے مد مقابل آئی گی۔

• 26 مارچ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اسی گراؤنڈ میں معرکہ سر کریں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں