پاکستان کی 2 کروڑ سے زائد اہل آبادی کی ویکسینیشن اب تک نامکمل

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2022
پاکستان میں مجموعی طور پر ویکسین کی  17 کروڑ 20 لاکھ خوراکیں شہریوں کو لگائی جا چکی ہیں— فائل فوٹو/رائٹرز
پاکستان میں مجموعی طور پر ویکسین کی 17 کروڑ 20 لاکھ خوراکیں شہریوں کو لگائی جا چکی ہیں— فائل فوٹو/رائٹرز

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کی 7 ویکسینز کی 6 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دستیاب ہیں جبکہ 2 کروڑ سے زائد لوگوں کو ابھی تک ویکسین کی دوسری ڈوز نہیں لگی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر ویکسین کی 17 کروڑ 20 لاکھ خوراکیں شہریوں کو لگائی جا چکی ہیں، تقریباً 10 کروڑ 30 لاکھ افراد کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے جن میں سے 8 کروڑ سے زائد افراد کی ویکسینیشن مکمل اور 20 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگ چکے ہیں۔

این سی او سی کی دستاویز کے مطابق پاکستان کی 68 فیصد آبادی ویکسین کی اہل ہے، ملک بھر میں اس وقت 7 ویکسینز لگائی جارہی ہیں جن میں سائنوفارم، سائنوویک، پاک ویک، کینسائنو، فائزر، ایسٹرازینکا، موڈرنا اور اسپوٹنک شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے 6 ہزار 357 نئے کیسز، 17 اموات رپورٹ

دستاویز کے مطابق ملک کی آبادی 22 کروڑ 85 لاکھ 67 ہزار 704ہے جن میں سے 15 کروڑ 36 لاکھ 15 ہزار 747 افراد ویکسین کے اہل ہیں، تقریباً 2 کروڑ 37 لاکھ 63 ہزار 473 افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز اور 8 کروڑ 4 ہزار 63 کو ویکسین کی دونوں ڈوز لگ چکی ہیں۔

دستاویز سے پتا چلتا ہے کہ پنجاب میں 8 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ آبادی ویکسین کی اہل ہے، جن میں سے 5 کروڑ 90 لاکھ آبادی کو کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے جو کہ ویکسین کی اہل آبادی کا 74 فیصد ہے۔

پاکستان میں سب سے پہلے متعارف کروائی جانے والی چینی ویکسین ’سائنو فارم‘ کی مجموعی طور پر 3 کروڑ 50 لاکھ خوراکیں شہریوں کو لگائی جاچکی ہیں اور دوسری ڈوز کے طورپر لگائے جانے کے لیے 21 لاکھ خوراکیں ابھی موجود ہیں۔

ویکسین کی سب سے زیادہ خوراکیں پنجاب میں لگائی گئیں جن کی تعداد 2 کروڑ 10 لاکھ ہے، ملک بھر میں سائنوفارم کی 4 کروڑ 20 لاکھ خوراکیں دستیاب ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وبا کے آغاز سے ریکارڈ 7 ہزار 678 کیسز رپورٹ

ایک اور چینی ویکسین سائنوویک ملک بھر میں سب سے زیادہ لگائی جانے والی ویکسین ہے، اب تک اس ویکسین کی 7 کروڑ 90 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں اور دوسری خوراک کے لیے ایک کروڑ 10 لاکھ خوراکیں درکار ہیں جبکہ پاکستان میں اس ویکسین کی مجموعی طور پر ایک کروڑ 90 لاکھ سے زائد خوراکیں دستیاب ہیں۔

چینی ویکسین کنسائنو پاکستان میں پاک ویک کے نام سے فراہم کی جا رہی ہے، جو سنگل ڈوز ویکسین ہے اور اس کی اب تک ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد لوگوں کو لگائی جا چکی ہے جبکہ 50 لاکھ خوراکیں ابھی دستیاب ہیں۔

امریکی ویکسین فائزر کی 2 کروڑ 70 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں اور دوسری خوراک کے طور پر 66 لاکھ خوراکیں درکار ہیں، یہ ویکسین کا پہلا برانڈ ہے جسے ابتدائی طور پر نوعمر اور مدافعتی نظام سے محروم لوگوں کے لیے استعمال کیے جانے کا آغاز کیا گیا، اس وقت پاکستان میں فائزر ویکسین کی ایک کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں یومیہ کورونا کیسز کی دوسری بلند ترین تعداد رپورٹ

اسی طرح آکسفورڈ ایسٹرا زینیکا ویکسین کی 69 لاکھ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں اور دوسری خوراک کے لیے 16 لاکھ خوراکین دستیاب ہیں جبکہ 11 لاکھ خوراکیں ملک میں دستیاب ہیں، یہ ظاہر کرتا ہے کہ دوسری خوراک کی ضرورت کے مقابلے یہ ویکسین کم تعداد میں دستیاب ہے۔

ملک میں موڈرنا ویکسین کی 68 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں اور 11 لاکھ خوراکیں دوسری خوراک کے طور پر درکار ہیں، جب کہ موڈرنا ویکسین کی 2 کروڑ 10 لاکھ خوراکیں دستیاب ہیں۔

روسی ویکسین اسپوتنک کی 29 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں اور 10 لاکھ خوراکیں دوسری خوراک کے طور پر درکار ہیں، پاکستان میں اسپوتنک کی مجموعی طور پر 60 لاکھ خوراکیں دستیاب ہیں۔

طلبا کی ویکسی نیشن کے حوالے سے اس دستاویز میں درج اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پنجاب اور سندھ میں تعلیمی ادارے کھلے ہیں لیکن طلبا کی حاضری کم ہے، اسلام آباد میں یہ مہم تسلی بخش رفتار سے جاری ہے، تاہم خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 28 فروری تک، آزاد جموں و کشمیر میں 22 فروری اور گلگت بلتستان میں 31 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں