طویل انتظار ختم، فلم ’چکر‘ عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 03 فروری 2022
فلم میں احسن خان اور نیلم منیر نے اہم کردار ادا کیے ہیں—اسکرین شاٹ
فلم میں احسن خان اور نیلم منیر نے اہم کردار ادا کیے ہیں—اسکرین شاٹ

اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر یاسر نواز اور ان کی اہلیہ ندا یاسر کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کردہ مسٹری تھرلر فلم ’چکر‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے رواں سال عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’چکر‘ کی شوٹنگ گزشتہ دو سے ڈھائی سال سے جاری تھی اور کورونا کی وجہ سے اس کی شوٹنگ اور ریلیز میں بھی تاخیر ہوئی۔

تاہم اب فلم کی ٹیم نے اس کی پہلی جھلک جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ندا یاسر اور نیلم منیر سمیت فلم کی دیگر ٹیم نے ’چکر‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس چھوٹی عید پر سینما گھروں میں پیش کرنے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ماورا حسین اور فیروز خان کا 'چکر'

ندا یاسر نے فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا کہ ان کی ٹیم نے بڑی محنت سے ’چکر‘ کو بنایا ہے جو کہ مکمل طور پر کمرشل فلم ہے اور شائقین اسے دیکھ کر محظوظ ہوں گے۔

فلم کی کاسٹ میں یاسر نواز سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں، ممکنہ طور پر اس میں فیروز خان اور ماورا حسین بھی مختصر کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

’چکر‘ کے حوالے سے ماضی میں ندا یاسر نے ڈان آئیکون کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ اگرچہ فلم کی کہانی ایک قتل کی گتھی سلجھانے کے گرد گھومتی ہے تاہم یہ فلم مکمل طور پر کمرشل ہے اور شائقین کو خوش کرنے میں کامیاب جائے گی۔

انہوں نے فلم کی کہانی سے متعلق مزید کچھ کہنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’چکر‘ میں شائقین کو سسپینس سمیت کامیڈی بھی دیکھنے کو ملے گی۔

مزید پڑھیں: ندا و یاسر نواز کے ’چکر‘ میں نیلم منیر کی انٹری

’چکر‘ کی شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں کی گئی ہے اور ٹیزر میں سندھ کے مختلف علاقوں کے مناظر بھی شامل کیے گئے ہیں۔

’چکر‘ سے قبل ندا یاسر نے شوہر کی رانگ نمبر سیریز اور مہرالنسا وی لب یو جیسی فلموں کو بھی پروڈیوس کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں