حکومت کو وزیر اعظم کے دورہ چین سے سی پیک میں نئی توانائی آنے کی توقع

اپ ڈیٹ 03 فروری 2022
وزیر اعظم چینی صدر شی جی پنگ اور چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیر اعظم چینی صدر شی جی پنگ اور چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومت کو امید کہ وزیر اعظم عمران خان کا آج (جمعرات) سے شروع ہونے والا 4 روزہ دورہ چین پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں نئی روح پھونکے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے سلسلہ وار اجلاسوں کے بعد ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’21 مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر وزیراعظم چینی قیادت سے گفتگو کریں گے‘۔

وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران زیر بحث آنے والے شعبہ جات میں سی پیک کے تحت قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، اور بڑی پیمانے پر چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی شامل ہیں۔

ایک بیان میں وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے وزیر اعظم چینی صدر شی جن پنگ اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

مزید پڑھین: وزیر اعظم کا دورہ چین اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، دفتر خارجہ

بیان میں کہا گیا کہ ’دونوں ممالک کے سربراہان دو طرفہ تعلقات کا مکمل جائزہ لیں گے، جس میں سی پیک سمیت تجارت اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی‘۔

دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم چینی قیادت کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں۔

سے یہ تاثر عام ہے کہ 3 سال قبل پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے اقتدار میں آنے کے بعد سی پیک پر کام سست روی کا شکار ہے۔

تاہم، حکومت کی جانب سے توقع کی جارہی ہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے زیر تعمیر منصوبوں یا سی پیک کے تحت شروع کیے گئے دیگر منصوبوں کی تعمیر و ترقی میں تیزی دیکھی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں کہ حکومت نے سی پیک کی توجہ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے سے بدل کر صنعتوں، توانائی اور زراعت پر مبذول کردی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے ڈان کو بتایا کہ اس وقت وہ بھر پور تیار ہیں اور اس حوالے سے چینی سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی ممکنہ سہولیات کا بہترین تقابلی تجزیہ کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کو 3 فروری کے متوقع دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے جوائنٹ ورکنگ گروپ اجلاس کے لیے 10 مختلف شعبہ جات پر گفتگو کی تھی لیکن بااثر چینی صنعتکاروں کے ساتھ ملاقاتیں ترتیب دے دی گئی ہیں جو وزیراعظم سے ان کے دورے کے دوران ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم بیجنگ کے دورے کے دوران معروف کاروباری شخصیات، چینی تھینک ٹینک کی سربراہی کرنے والے نمائندگان، اکیڈمی اور میڈیا نمائندگان سے ملاقاتیں کریں گے۔

دریں اثنا، اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران وزیر اعظم نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں