ڈرامے میں کچھ غلط ہے نہ کوئی غیر اخلاقی منظر، شِزا اور فضا کرداروں کے ہدایت کار

پداہت کار نے لوگوں کو مکمل ڈراما دیکھنے کی تجویز دی—اسکرین شاٹ
پداہت کار نے لوگوں کو مکمل ڈراما دیکھنے کی تجویز دی—اسکرین شاٹ

حال ہی میں انٹرنیٹ پر کلپس وائرل ہونے کے بعد پرانے ڈرامے’حقیقت: جڑواں‘ کے ہدایت کار نے کہا ہے کہ ’شِزا اور فضا‘ پر تنقید کرنے والے افراد پہلے مکمل ڈراما دیکھیں، اس کے بعد معاملے پر اپنی رائے دیں۔

تقریبا دو سال پرانے ڈرامے’حقیقت: جڑواں‘ کی کلپس گزشتہ ہفتے انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں اداکارہ کرن تعبیر کو ڈبل رول میں دکھایا گیا تھا۔

کرن تعبیر کو شِزا اور فضا کے کرداروں میں دکھایا گیا تھا جو کہ ایک ہی گھر میں دو بھائیوں سے شادی کرتی ہیں۔

پرانے ڈرامے کے مناظر وائرل ہونے پر لوگوں نے کہانی کا خوب مذاق اڑایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پرانے ڈرامے کی کلپس وائرل ہونے پر شِزا اور فضا ٹاپ ٹرینڈ بن گئیں

ڈرامے کی وائرل ہونے والی کلپس میں جڑواں بہنوں شِزا اور فضا کو دو بھائیوں سے شادی کرتے ہوئے اور دولہوں کو غلطی سے غلط دلہن کے کمرے میں چلے جاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ڈرامے کی مذکورہ کلپس وائرل ہونے پر لوگوں نے ڈرامے کی کاسٹ اور کہانی کا خوب مذاق اڑایا تھا کہ جدید دور میں بھی ایسے بے ڈھنگی کہانیاں دکھائی جا رہی ہیں۔

لوگوں کی تنقید اور میمز اپنی جگہ مگر ڈرامے کے ہدایت کار محمد اشعر اصغر کا دعویٰ ہے کہ ڈرامے میں کچھ غلط نہیں دکھایا گیا، ڈرامے پر وہ لوگ تنقید کر رہے ہیں، جنہوں نے صرف اس کا ایک کلپ ہی دیکھا ہے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے محمد اشعر اصغر نے کہا کہ’حقیقت: جڑواں‘ ڈرامے میں ہر بار مختلف کرداروں اور کہانیوں کو پیش کیا جاتا تھا جو سماج کی عکاسی کرتی تھیں۔

ان کے مطابق ڈرامے کی زیادہ تر کہانیاں حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی تھیں، جن میں معاشرے میں ہونے والے مسائل کو دکھایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’شِزا اور فضا‘ کے کردار ادا کرنے والی اداکارہ کلپس وائرل ہونے پر بول پڑیں

محمد اشعر اصغر کا کہنا تھا کہ ’شِزا اور فضا‘ کے کرداروں پر مشتمل ڈرامے میں کوئی غلط منظر نہیں تھے اور نہ ہی کوئی غیر اخلاقی بات دکھائی گئی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ’شِزا اور فضا‘ کی شادی کی رات ان کا کمرہ تبدیل ہونا دراصل ڈرامے کے ایک اور کردار کی سازش تھی۔

شِزا اور فضا ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی تھیں—اسکرین شاٹ
شِزا اور فضا ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی تھیں—اسکرین شاٹ

محمد اشعر اصغر نے بتایا کہ ’شِزا اور فضا‘ کا کمرہ ان کے ہی خاندان کی ایک خاتون شادی کی رات تبدیل کروا دیتی ہیں اور اسی مسئلے کو دکھایا گیا ہے جو کہ غیر اخلاقی نہیں۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے ڈرامے کی کہانی کو بہت سراہا گیا، یہاں تک کہ اب بھی یوٹیوب پر ڈراما دیکھنے والے لوگ مثبت رد عمل دے رہے ہیں مگر سوشل میڈیا پر ان کے ڈرامے پر میمز بنائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے ’شِزا اور فضا‘ کے معاملے پر میمز بنانے اور ان کے کرداروں پر تنقید کرنے والے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ پہلے مکمل ڈراما دیکھیں اور اس کے بعد ہی اپنی رائے دیں۔

محمد اشعر اصغر سے قبل ڈرامے کی اداکارہ کرن تعبیر نے بھی لوگوں کی تنقید کو بے جا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ڈرامے میں کچھ غلط نہیں دکھایا گیا۔

انہوں نے بھی لوگوں کو تجویز دی تھی کہ ’شِزا اور فضا‘ کے معاملے پر توانائی ضائع کرنے کے بجائے کسی دوسرے اہم مسئلے پر توجہ دی جائے۔

کرن تعبیر نے بھی پرانی کلپس وائرل ہونے کے بعد انسٹاگرام اسٹوری پر رد عمل دیا تھا—اسکرین شاٹ
کرن تعبیر نے بھی پرانی کلپس وائرل ہونے کے بعد انسٹاگرام اسٹوری پر رد عمل دیا تھا—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں