شاہد آفریدی دبئی میں اپنا ریسٹورنٹ کھولنے کے لیے تیار

08 فروری 2022
مایہ ناز آل راؤنڈر نے لالا دربار کے نام سے ریسٹورنٹ کھولنے کا عندیا ہے— فوٹو: اسکرین شاٹس
مایہ ناز آل راؤنڈر نے لالا دربار کے نام سے ریسٹورنٹ کھولنے کا عندیا ہے— فوٹو: اسکرین شاٹس

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ہم نے ہمیشہ بلے اور گیند کے ساتھ میدان میں جوہر دکھاتے دیکھا ہے لیکن ہم میں سے کسی نے بھی سوچا تھا کہ ہم ان کو کسی دن ایپرن میں دیکھیں گے کیونکہ اب آل راؤنڈر ممکنہ طور پر اپنا ایک نیا ریسٹورنٹ کھول رہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے حال ہیں شیف کی جیکٹ میں اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں ٹماٹر کاٹتے اور اپنی کھانا پکانے کی کچھ مہارتیں دکھاتے دیکھا جا سکتا ہے، کرکٹر دبئی میں اب ایک ریسٹورنٹ کھول رہے ہیں جو وہاں مقامی افراد کو معیاری دیسی کھانا پیش کرے گی۔

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ جلد وہ بڑا اعلان کریں گے جس کا انکشاف کیا جائے گا۔

ان کے ریسٹورنٹ کا نام ممکنہ طور پر لالا دربار ہو گا کیونکہ انہوں نے اسی نام کا ہیش ٹیگ اپنی پوسٹ میں استعمال کیا اور عوام شاندار تڑکے کے حامل ایسے ذائقے دار کھانے کے لیے تیار رہیں جس سے ان کے منہ میں پانی بھر جائے گا۔

اس حوالے سے ریسٹورنٹ کے بزنس پیج پر بتایا گیا کہ یہ پاکستانی کرکٹر کے دیسی ریسٹورنٹ کی چین ہو گی البتہ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس کا مقام یا مینیو کیا ہو گا۔

ایک عالمی شہرت یافتہ کرکٹر کا ریسٹورنٹ ہونے کے ناطے اس میں کرکٹ کے کھیل کے جوش و جذبے کی چھاپ نمایاں ہو گی اور یہ چیز اس کے لوگو میں بھی نمایاں ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ میں بدترین باؤلنگ اسپیل کا ریکارڈ شاہد آفریدی کے نام

شاہد آفریدی کا روایتی انداز ریستورنٹ کے بینر میں نمایاں ہے لیکن اس سلسلے میں دلچسپ پہلو یہ ہو گا کہ مینیو اور پکوانوں کے نام کیا ہوں گے، کیا ان کے نام میں کرکٹر کے نام کی عرفیت کا استعمال کیا جائے گا جیسے کیا یہ ممکن ہے کہ ہمیں بوم بوم نان کے ساتھ لالہ کڑھائی کھانے کو ملے؟

شاہد آفریدی کے نام سے جلد کی نگہداشت کا برانڈ 'او لالا' بھی چل رہا ہے جس کی مارکیٹنگ ایک پریمیئم کوالٹی رینج کے طور پر کی جاتی ہے، وہ ہوپ ناٹ آؤٹ نامی کپڑوں کے برانڈ کے بھی مالک ہیں جس میں مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے تفریحی لباس موجود ہیں۔

شاہد آفریدی واحد پاکستانی کھلاڑی نہیں ہیں جنہوں نے کھانے کے کاروبار میں قدم رکھا ہے بلکہ ان سے قبل انضمام الحق، سعید انور اور شعیب ملک بھی اس میدان میں اتر چکے ہیں اور کامیابی سے چلا رہے ہیں، سعید انور اور انضمام 'میٹ ون' کے نام سے ایک گوشت کی دکان چلاتے ہیں جو تازہ اور صحت بخش گوشت فراہم کرتی ہے جبکہ شعیب ملک نے لاہور میں دی رائس باؤل کے نام سے ایک ریستورنٹ کھولا جو آرام دہ اور پرسکون ماحول میں ذائشےدار کھانا پیش کرتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں