’جراسک ورلڈ: دی ڈومینین‘ اندازوں سے زیادہ خطرناک ڈائناسورز کی واپسی

12 فروری 2022
فلم کو جون میں ریلیز کیا جائے گا—فائل فوٹو: رائٹرز
فلم کو جون میں ریلیز کیا جائے گا—فائل فوٹو: رائٹرز

ہولی وڈ کی مقبول ترین سائنس فکشن ہارر فلم ’جراسک ورلڈ‘ سیریز کی تیسری اور ممکنہ طور پر آخری فلم ’دی ڈومینن‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس جون میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

یونیورسل پکچرز کی جانب سے جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹریلر میں اس بار ڈائنوسورز کو پچھلی فلموں کے مقابلے زیادہ خطرناک دکھایا گیا ہے۔

اس بار ڈائنوسورز کی نسل کے پرندوں کو بھی دکھایا گیا ہے جو کہ ہیلی کاپٹر کی رفتار سے اڑان بھر کر جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

ٹریلر میں ڈائنا سورز اور ان کے بچوں کو بھی موٹر سائیکل اور کاروں سے زیادہ تیز بھاگ کر انسانوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’جراسک ورلڈ‘ کے بے قابو ڈائنا سورز کی ریکارڈ کمائی

تاہم ساتھ ہی انہیں انسانوں کے ساتھ امن اور سکون میں دکھایا گیا ہے اور ڈائنا سورز پر لوگوں کی سواری کو بھی پیش کیا گیا ہے۔

’جراسک ورلڈ: دی ڈومینین‘ کی کہانی ایملی کارمیکائل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات کولن ٹریوورو نے دی ہیں، جنہوں نے پہلے بھی اس فرنچائز کی فلموں کی ہدایات دی تھیں۔

اس فلم میں بھی کرس پراٹ اور برائس ڈیلس ہاورڈ نے ادا کیے ہیں، تاہم اس بار فلم میں پرانی فلموں کو دیگر کاسٹ کو بھی شامل کیا ہے۔

’جراسک ورلڈ: دی ڈومینین‘ کو جون 2021 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اسے منسوخ کردیا گیا تھا۔

اب ٹریلر میں فلم کو 10 جون 2022 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ فلم ممکنہ طور پر ’جراسک ورلڈ‘ ٹرائلوجی کی تیسری اور آخری فلم ہوگی، جس کے بعد اسی سیریز کی نئی ٹرائلوجی بنانے پر کام شروع ہوگا۔

مزید پڑھیں: ’جراسک ورلڈ‘ کے بے قابو ڈائنا سورز کی دنیا بھر میں تباہی

اسی سیریز کی پہلی فلم ’جراسک پارک‘ کے نام سے 1993 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد اس کی دوسری فلم ’دی لاسٹ ورلڈ: جراسک پارک‘ 1997 میں ریلیز کی گئی۔

پہلی دو فلموں کی شاندار کامیابی کے بعد سیریز کی تیسری فلم ’جراسک پارک تھری‘ کے نام سے سال 2001 میں ریلیز کی گئی۔

’جراسک پارک‘ کی تین فلمیں مکمل ہونے کے بعد اس سیریز کی چوتھی فلم ’جراسک ورلڈ‘ 2015 میں ریلیز کی گئی تھی جو نئی ٹرائلوجی کی پہلی فلم تھی۔

’جراسک ورلڈ‘ ٹرائلوجی کی دوسری فلم ’جراسک ورلڈ: فالن کنگڈم‘ 2018 میں ریلیز کی گئی تھی اور اب 4 بعد اسی سیریز ٹرائلوجی کی آخری فلم جون میں پیش کی جائے گی۔

’جراسک ورلڈ‘ کے بعد ممکنہ طور پر نئی ٹرائلوجی کو ’جراسک‘ کے ساتھ دوسرا نیا نام دیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں