خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن کا دوسرے مرحلے میں مزید توسیع سے انکار

اپ ڈیٹ 16 فروری 2022
ای سی پی نے 27 مارچ کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کا اعلان کیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
ای سی پی نے 27 مارچ کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کا اعلان کیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کرنے کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انتخابات 31 مارچ کو ہوں گے، نظر ثانی شدہ شیڈول پہلے ہی جاری کردیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق درخواست گزاروں میں امیدوار بھی شامل تھے جو چاہتے تھے کہ پہاڑی علاقوں میں موسم کی خراب صورتحال کے باعث انتخابات کو 6 ہفتوں کے لیے ملتوی کیا جائے۔

درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ پہاڑی علاقوں میں مقیم کچھ افراد وقتی طور پر پنجاب چلے گئے ہیں، اگر انتخابات ملتوی نہیں کیے گئے تو یہ افراد حق رائے دہی سے محروم رہ جائیں گے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل، جے یو آئی (ف) کا پلڑا بھاری

خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے موسم اور سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو 4 ماہ کے لیے مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ای سی پی بینچ نے کہا کہ اس معاملے کا فیصلہ کرنے کے لیے سپریم کورٹ نے ایک روز قبل ہی ہدایات جاری کی ہیں۔

سپریم کورٹ کے پشاور ہائی کورٹ (پی ایچ سی) کے انتخابات کروانے کے فیصلے کو معطل کرنے کے یکم فروری کے حکم کے بعد 9 فروری کے نوٹی فکیشن میں ای سی پی نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تاریخ میں 27 مارچ سے 31 مارچ تک توسیع کردی تھی۔

سپریم کورٹ نے مشاہدہ کیا کہ وہ انتخابی شیڈول کو معطل کرکے کوئی غلط نظیر قائم نہیں کرنا چاہیں گے، تاہم عدالت نے ای سی پی کو حکم دیا کہ وہ متاثرہ فریقین اور جواب دہندگان چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا، بلدیاتی حکومت اور دیہی ترقیاتی ڈیپارٹمنٹ کے کوآرڈینیشن یونٹ کے سیکریٹری کو سننے کے بعد کوئی مناسب حکم جاری کرے۔

ای سی پی کی نمائندگی کرنے والے ایڈووکیٹ افنان کریم کنڈی نے دلیل دی کہ کمیشن نے پی ایچ سی کے فیصلے کی وجہ سے ہونے والی تاخیر کو پورا کرنے کے لیے پہلے ہی پولنگ کی تاریخ 31 مارچ تک بڑھا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات: دوسرے مرحلے میں پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

ابتدائی طور پر صوبے کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جنوری کے آخری ہفتے میں ہونا تھا، لیکن ای سی پی نے مقامی ایم این ایز اور ایم پی اے کی جانب سے دائر درخواستوں پر 30 دسمبر 2021 کے حکم نامے میں اس میں توسیع کردی تھی۔

رواں سال 20 جنوری کو ای سی پی نے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس میں 27 مارچ کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم یکم فروری کو پی ایچ سی کے ایبٹ آباد بینچ نے پانچ اضلاع کے مکینوں کی درخواستیں منظور کی جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ اضلاع میں مارچ کے آخری ہفتے میں شدید برف باری متوقع ہے۔

اس لیے پولنگ اسٹیشن قائم کرنا، پولنگ عملے کو روانہ کرنا اور مطلوبہ ریکارڈ اور دیگر آلات کی خریداری ممکن نہیں ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں