عمران خان کا دورہ روس انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، چینی دانشور

اپ ڈیٹ 21 فروری 2022
چینگ نے کہا کہ اس سے پاکستانی شہریوں اور قوم کی عظمت میں اضافہ ہوتا ہے— فائل فوٹو:اے پی پی
چینگ نے کہا کہ اس سے پاکستانی شہریوں اور قوم کی عظمت میں اضافہ ہوتا ہے— فائل فوٹو:اے پی پی

ساؤتھ ویسٹ یونیورسٹی آف پولٹیکل سائنس اینڈ لا کے پروفیسر اور چارہر انسٹی ٹیوٹ کے سینئر فیلو چینگ شیزہونگ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس تاریخی اور انتہائی تزویراتی اہمیت کا حامل ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں پروفیسر چینگ شیزہونگ کا کہنا تھا کہ ’یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ 23 سال کے بعد روس نے پاکستان کے سربراہ کو ماسکو کے دورے پر بلایا ہے، اس سے وزیراعظم عمران خان کی قدآور شخصیت اور قائدانہ صلاحیتوں کی عکاسی ہوتی ہے‘۔

مزید پڑھیں: روسی صدر کا وزیراعظم عمران خان کو فون، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن عمران خان کا بہت احترام کرتے ہیں اور اب پاکستانی رہنما چاہے علاقائی مسائل پر بات کریں یا بین الاقوامی مسائل پر، ان کی آواز کو ہمیشہ عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستانی شہریوں اور قوم کے وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔

اپنے تجزیے میں پروفیسر چینگ شیزہونگ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دورے کی تزویراتی اہمیت 3 پہلووں سے جھلکتی ہے، جس میں پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت بڑھنا، بھارت کے امریکا کے قریب ہونے سے روس کا پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون میں جھکاؤ اور پاکستان، چین اور روس کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات بیرونی طاقت کے خلفشار کو روکنے کے لیے سازگار ہوں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا روسی صدر سے رابطہ، اسلاموفوبیا سے متعلق بیان کا خیر مقدم

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی خداداد صلاحیتوں کو بین الاقوامی برادری نےتسلیم کیا ہے۔

حالیہ برسوں میں، پاکستان کی سفارت کاری، جیو اکنامک حکمت عملی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، دنیا کی بڑی طاقتوں کے درمیان متوازن تعلقات کے عزم کے ساتھ بہت ’مضبوط اور کامیاب‘ رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں