اپوزیشن کے خرید و فروخت کے بازار پر عمران خان سیاسی ڈرون حملہ کریں گے، شیخ رشید

اپ ڈیٹ 25 فروری 2022
شیخ رشید نے اپوزیشن کو انتخابات کی تیاری کرنے کا مشورہ بھی دیا — فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید نے اپوزیشن کو انتخابات کی تیاری کرنے کا مشورہ بھی دیا — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر سیاسی خرید و فروخت شروع ہوئی تو وزیر اعظم عمران خان تُرپ کی چال چلتے ہوئے ایسا ڈرون حملہ کریں گے کہ سب پر جھاڑو پھر جائے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد ایک کمزور اور ڈانواں ڈول تحریک ہے اور جو خرید و فروخت کا بازار سجا رہے ہیں وہ سمجھ لیں کہ عمران خان تُرُپ کی چال کھیلے گا، ایسی تحاریک ماضی میں بھی چلیں ہیں جس کا کوئی نتیجہ اخذ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 172 آدمی پورے کرنے کے لیے خرید و فروخت کی ذمہ داری آصف علی زرداری کو سونپی ہے اور میں یہ بات ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں کہ اگر سیاست میں خرید و فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گی۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ کی درخواست پر تھانوں میں بھی رینجرز تعینات کرنے کو تیار ہیں، وزیر داخلہ

انہوں نے کہا کہ آپ تاش سجا رہے ہیں تو عمران خان نے بھی تاش کے پتے رکھے ہوئے ہیں اور آپ کے خرید و فروخت کے جمعہ بازار میں عمران خان سیاسی ڈرون حملہ کریں گے۔

شیخ رشید نے اپوزیشن کو انتخابات کی تیاری کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو وہ ووٹ کو ذلت کے گڑھے میں پھینکنے کی ساری تیاریاں کر رہے ہیں، جن سے آپ سلام دعا کے قائل نہیں تھے اب نہ صرف ان کے گھروں میں جارہے ہیں بلکہ ان کو طرح طرح کی پیشکش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ملک میں جمہوریت کاروبار بن جاتی ہے تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوتے۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کے 15 افراد اندر سے عمران خان کے ساتھ ہیں، شیخ رشید

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ سارے مفاد پرست آج اکٹھے ہورہے ہیں، ان سے پوچھیں انہیں کیا چیز اکٹھا کر رہی ہے، انہیں خوف جمع کر رہا ہے، انہیں ڈر ہے کہ ان کی کھال اتر جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ اب اگر آپ تحریک عدم اعتماد لاتے ہیں تو اس کی ناکامی کے بعد عمران خان آپ کے لیے ایک چیلنج ثابت ہوگا، اس سے عمران خان اور زیادہ مضبوط ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اتحادی ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور بکنے والے کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، عمران خان جرأت کے اس سارے کھیل کا مقابلہ کریں گے، اگر یہ تحریک عدم اعتماد لاتے ہیں تو انہیں پہلے یہ فیصلہ کرنا ہے مرکز میں کون آئے گا، پنجاب میں کون آئے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں تو اس قسم کا سیاسی انتشار و خلفشار دیکھ رہا ہوں کہ ان کو لینے کے دینے پڑھ جائیں گے، اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودنے جارہی ہے، انہیں اندازہ نہیں ہے، روس اور یوکرین، چین اور تائیوان کے کیا حالات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے ارد گرد جو حالات ہیں، اس وقت پاکستان کو ایک جمہوری اور مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت سے کسی کا ہاتھ نہیں ہٹا، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، شیخ رشید

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی بکاؤ نہیں ہے اور وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اگر کوئی ضمیر فروش ہوا تو اس کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ انہیں کب کیا فیصلہ کرنا ہے، وہ بچے نہیں ہیں، وہ 25 سال سے سیاست کے کھیل میں ہیں۔

اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو اپوزیشن کے لوگ عمران خان کو سمجھ نہیں رہے وہ اندازہ نہیں کر پا رہے ہیں کہ وہ تُرپ کا ایسا پتا کھیلے گا کہ یہ سیاسی طور پر نیست و نابود ہوجائیں گے۔

جہانگیر ترین سے پی ٹی آئی کے رابطے سے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جہانگیر ترین سے بات کریں، اس وجہ سے پی ٹی آئی کے بہت سے رہنما مجھ سے ناراض بھی ہیں، میں اپنی سیاسی رائے دینے سے کبھی نہیں ڈرا۔

شیخ رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں، شرارتیں کرنا ان کا مقدر ہے، اور حکمرانی کے فیصلے اللہ کے پاس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے اعلیٰ سطح پر بات ہو رہی ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان حکومت کے 5 سال پورے کرتے دیکھ رہا ہوں اور ادارے جمہوری حکومت کے ساتھ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) دونوں کراچی سے ریلی نکال رہے ہیں، وزارت داخلہ کی جانب سے دونوں کو رینجرز کی سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے تاکہ امن و امان کے مسائل سے نمٹا جاسکے۔

نور مقدم کیس میں ملزمان کی سزا پر شیخ رشید نے اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ روس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے دنیا میں پاکستان کی امن کی کوششوں کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے، لیکن یہ دورہ بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھایا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں