مجھے غیر شادی شدہ قرار دیا جائے، کم کارڈیشین کی عدالت سے درخواست

25 فروری 2022
مجھے سنگل قرار دیا جائے، اداکارہ کی درخواست—فائل فوٹو: اے پی
مجھے سنگل قرار دیا جائے، اداکارہ کی درخواست—فائل فوٹو: اے پی

دنیا کی مقبول ترین ریئلٹی ٹی وی اسٹار 41 سالہ کم کارڈیشین نے امریکی عدالت سے درخواست کی ہے کہ اگر ان کے سابق شوہر انہیں طلاق دینے کے لیے بھی رضامند نہیں تو بھی انہیں غیر شادی شدہ قرار دیا جائے۔

کم کارڈیشین نے گزشتہ برس فروری میں اپنے تیسرے شوہر 44 سالہ ریپر کانیے ویسٹ سے طلاق کے لیے لاس اینجلس کی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

ان کی جانب سے دائرہ کردہ طلاق کی درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور اب انہوں نے مذکورہ عدالت میں ایک اور درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں ’غیر شادی شدہ‘ قرار دیا جائے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق کم کارڈیشین کی جانب سے دائرہ کردہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ان کی شادی کی قانونی حیثیت ختم کردی جائے۔

اداکارہ و ٹی وی اسٹار نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ انہوں نے کانیے ویسٹ کو اپیل کی تھی کہ وہ طلاق کے معاملات کو خفیہ رکھیں اور شادی کو ختم کرکے آگے بڑھیں مگر وہ اپنی ضد پر قائم ہیں۔

اداکارہ کی درخواست کے مطابق کانیے ویسٹ انہیں طلاق دینے کو تیار نہیں اور نہ ہی معاملات کو خفیہ رکھ رہے ہیں بلکہ شادی، تعلقات اور بچوں سے متعلق معلومات سوشل میڈیا پر پھیلا رہے ہیں۔

— فوٹو: اے پی
— فوٹو: اے پی

انہوں نے کانیے ویسٹ پر غلط معلومات پھیلانے کا الزام بھی لگایا اور عدالت سے استدعا کی کہ ان کی شادی کی قانونی حیثیت ختم کرکے انہیں ’غیر شادی شدہ‘ یا ’سنگل‘ قرار دیا جائے تاکہ ان کے سابق شوہر کو احساس ہو کہ اب ان کی شادی ختم ہو چکی ہے۔

اس سے قبل کم کارڈیشین نے فروری 2021 میں طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

کم کارڈیشین اور کانیے ویسٹ نے 24 مئی 2014 کو اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے بعد شادی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کم کارڈیشین نے کانیے سے طلاق کیلئے درخواست دائر کردی

گزشتہ ساڑھے 6 سال کے دوران دونوں کے ہاں چار بچے ہوئے اور دونوں نے رومانوی جوڑی ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت بھی بٹوری اور دونوں کی کمائی میں بھی خوب اضافہ ہوا۔

دونوں کے رومانس، اختلافات اور انتہائی رازدارانہ اور ذاتی مسائل کی خبریں بھی عالمی میڈیا کی زینت بنتی رہیں، تاہم جولائی 2020 میں ان دونوں کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی تھی۔

—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

ان دونوں کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے جولائی 2020 میں اس وقت نئی بحث چھڑی جب کانیے ویسٹ نے امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جانے کے بعد اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ انہوں نے ماضی میں کم کارڈیشین کو طلاق دینے کا سوچا تھا۔

کانیے ویسٹ نے جولائی 2020 میں ٹوئٹ میں لکھا کہ ماضی میں جب ان کی اہلیہ ان کے ساتھی ریپر و گلوکار میک مل سے ملی تھیں تب انہوں نے اہلیہ کو طلاق دینے کا سوچا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔

شوہر کی جانب سے مذکورہ ٹوئٹ کیے جانے کے بعد کم کارڈیشین نے بتایا تھا کہ داصل ان کے شوہر ذہنی مسائل کا شکار رہے ہیں اور اب بھی وہ ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔

تاہم بعد ازاں ان کے درمیان اختلافات شدید ہوگئے اور خبریں تھیں کہ دونوں اگست 2020 سے ہی الگ ہوگئے تھے، جس کے بعد فروری 2021 میں کم کارڈیشین نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور اب انہوں نے مذکورہ عدالت میں ایک اور درخواست دائر کردی۔

تبصرے (0) بند ہیں