لپیتا نیانگو نے کراچی کے سیر سپاٹوں کی تصاویر شیئر کردیں

28 فروری 2022
اداکارہ نے منی بس کے ساتھ بھی تصاویر کھچوائیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے منی بس کے ساتھ بھی تصاویر کھچوائیں—فوٹو: انسٹاگرام

’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکارہ لپیتا نیانگو نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے سیر سپاٹوں کی تصاویر شیئر کردیں۔

کینین نژاد ہولی وڈ اداکارہ لپیتا نیانگو نے 26 فروری کو انسٹاگرام پر کراچی میں کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت آئی تھیں۔

لپیتا نیانگو نے کراچی کے نیشنل میوزیم آف پاکستان کے گیٹ کے سامنے کھچوائی گئی تصویر سمیت دیسی لباس میں بنوائی گئی تصاویر بھی شیئر کیں۔

ہولی وڈ اداکارہ نے کراچی کی منی بس کے ساتھ کھچوائی گئی تصویر بھی شیئر کی، جس پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کی کراچی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکارہ لپیتا نیانگو کی کراچی آمد؟

ہولی وڈ نژاد اداکارہ نے فیشن ڈیزائنر انیتا ڈونگرے کے لباس کے ساتھ تصاویر شیئر کیں، جن پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں۔

گزشتہ ہفتے خبریں تھیں کہ لپیتا نیانگو وژوئل آرٹسٹ مشا جاپان والا کی شادی میں آئی ہوئی ہیں۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی ڈانسر، گلوکار و اداکار صادق داس نے لپیتا نیانگو کے ساتھ کراچی میں کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر آئی ہوئی ہیں۔

صادق داس نے لپیتا نیانگو کے ہمراہ کھچوائی گئی تصاویر میں شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ہولی وڈ اداکارہ کراچی میں ہی موجود ہیں اور انہوں نے معروف وژوئل آرٹسٹ مشا جاپان والا کی شادی میں شرکت کی۔

ڈان امیجز نے بھی مشا جاپان والا کی شادی کی تقریب کی کچھ ویڈیوز دیکھی تھیں، جن میں لپیتا نیانگو کو دیسی لباس میں رقص کرتے ہوئےدیکھا جا سکتا ہے۔

لپیتا نیانگو نے 2014 میں بہترین معاون اداکارہ کا ’آسکر‘ ایوارڈ جیتا تھا، انہوں نے ’ 12 ایئرز آف سلیو، جنگل بک، اسٹار وارز، لٹل مانسٹرز اور بلیک پینتھر‘ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری دکھائی ہے۔

لپیتا نیانگو نے ’آسکر‘ کے علاوہ بھی دیگر متعدد فلمی ایوارڈز اپنے نام کر رکھے ہیں اور وہ جلد ہی ’بلیک پینتھر‘ کے سیکوئل میں بھی دکھائی دیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں