پشاور دھماکے پر شوبز شخصیات کا اظہار افسوس

دھماکا مسجد کے اندر نمازِ جمعہ کے دوران ہوا — فوٹو: سراج الدین
دھماکا مسجد کے اندر نمازِ جمعہ کے دوران ہوا — فوٹو: سراج الدین

خیبر پختونخوا (کے پی) کے دارالحکومت پشاور کے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے پر شوبز شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

پشاور کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 56 افراد جاں بحق جب کہ 190 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے پر جہاں سیاسی و سماجی شخصیات نے اظہار افسوس کیا، وہیں شوبز افراد نے بھی اس پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے ٹوئٹ کی کہ معصوم افراد کو ایسے واقعات کے ذریعے نشانہ گرا ہوا عمل ہے اور یہ انتہائی افسوس ناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش دھماکا، 56 افراد جاں بحق

انہوں نے مزید لکھا کہ آخر کب تک معصوم پاکستانیوں کو ایسے نشانہ بنایا جاتا رہے گا؟

اداکار و میزبان احسن خان نے بھی دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے خود کش حملے کو دلی تکلیف کا سبب قرار دیا، ساتھ ہی انہوں نے لواحقین کے لیے دعا بھی کی۔

اداکارہ صبا قمر نے بھی دھماکے پر مذمتی ٹوئٹ کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

اداکارہ منال خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں پشاور دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پشاور کے لیے دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔

اداکارہ ارمینا خان نے بھی پشاور دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ آخر کون معصوم پاکستانیوں اور انسانیت کو بے رحمی سے قتل کر رہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے لواحقین اور ان کے اہل خانہ کے لیے بھی دعا کی۔

اداکار علی رحمٰن خان نے پشاور دھماکے کی خبر کو شیئر کرتے ہوئے اس پر اظہار افسوس کیا اور ساتھ ہی لواحقین اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا بھی کی۔

ان کے علاوہ بھی متعدد شوبز، فیشن اور میوزک سے وابستہ شخصیات نے بھی پشاور دھماکے پر اظہار افسوس کیا جب کہ عام افراد نے بھی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے مغفرت کی دعا کرنے سمیت ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعائیں بھی کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں