عمران خان کے پاس 3 دن ہیں، استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، بلاول بھٹو زرداری

05 مارچ 2022
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کی آگ پھر بھڑک اٹھی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کی آگ پھر بھڑک اٹھی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم کے پاس صرف تین دن باقی ہیں، عمران خان استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

اوکاڑہ میں عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوامی مارچ میں لوگ ہمارا ساتھ دے رہے ہیں، جہاں سے گزر رہے ہیں لوگ ہمارا استقبال کر رہے ہیں، ہمارے قافلے میں کارکن اور شہروں کے لوگ بھی شامل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے سے ہم سڑکوں پر ہیں، پورا پاکستان ہمارے قافلے کا حصہ بن رہا ہے، ہم سلیکٹڈ اور نااہل وزیر اعظم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، ہمارا احتجاج دہشت گردی، مہنگائی، بیروزگاری اور حکومت کے آمرانہ طریقہ کار کے خلاف ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم کو مستعفی ہونے کے لیے دی گئی اپنی مہلت دہراتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاس اب تین دن باقی ہیں، استعفیٰ دیں اور چلے جائیں، استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں عمران خان اسمبلی توڑیں اور مقابلہ کریں، ورنہ ہم اسلام آباد آرہے ہیں اور کٹھ پتلی کو گھر بھیج کر صاف و شفاف انتخابات کرائیں گے اور عوامی حکومت لائیں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کو پانچ دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں، ورنہ اسلام آباد پہنچ کر خود بندوبست کریں گے، بلاول

انہوں نے کہا کہ عوام کا عمران خان سے اعتماد اٹھ چکا ہے، اب پارلیمنٹ میں بھی تحریک عدم اعتماد لانی چاہیے، عمران خان نے ہر وعدے پر یو ٹرن لیا اور یو ٹرن لینا جھوٹوں اور منافقوں کی نشانی ہوتی ہے لیڈر کی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کی آگ پھر بھڑک اٹھی ہے، بلوچستان اور پشاور میں بم دھماکے ہوئے ہیں، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا، آج کسان مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے اور کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے پرویز مشرف کو بھگا کر بینظیر بھٹو شہید کا مشن بحال کیا، ہم نے این ایف سی کے تحت صوبوں کو ان کا حق دلایا، آصف زرداری کے سی پیک کی وجہ سے یہ پنجاب میں بڑے منصوبے بنا سکے، جو پاکستانی یورپ اورمشرق وسطیٰ میں کام کررہے ہیں وہ قائد عوام کی وجہ سے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد عوام نے کسانوں کو ان کا حق دیا، زمین کا مالک بنایا جبکہ حکومت نے زراعت کے شعبے کے لیے کچھ نہیں کیا، یہ حکومت تبدیلی کے نام پر تباہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

ندیم احمد Mar 05, 2022 07:58pm
مہنگائی اور ملکی معیشت کی خرابی اپنی جگہ، اپوزیشن روس کے دورہ اور روس کی یوکرین سے جنگ کی مذمت نہ کرنے کی وجہ سے ، امریکہ اور یورپ کی ناراضگی کو بھی اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔