اداکارہ اریبہ علوی نے نکاح کرلیا

اداکارہ نے انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر شیئر کیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر شیئر کیں—فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکار شہود علوی کی صاحبزادی اور اداکارہ اریبہ علوی نے بھی سادگی سے نکاح کرلیا۔

اریبہ علوی نے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے نکاح ہونے کی تصدیق کی، جس پر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔

اریبہ علوی نے نکاح کی تقاریب کے دوران شریک حیات کے ساتھ کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شادی یا رخصتی سے متعلق کچھ بھی نہیں لکھا۔

اداکارہ کی تصاویر پر عثمان مختار، علی سفینا اور تارا محمود سمیت دیگر شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

اداکارہ نے اپنے شریک حیات سے متعلق کچھ نہیں بتایا کہ جب کہ ان کے والد اداکار شہود علوی نے بھی بیٹی کے نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شکرانے ادا کیے۔

شہود علی نے بھی بیٹی کی شادی یا نکاح سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم اداکارہ کی جانب سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے صرف ’نکاح‘ کے ہیش ٹیگ اور الفاظ استعمال کیے گئے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فی الحال انہوں نے نکاح کیا ہے۔

نکاح سے قبل گزشتہ ماہ فروری میں اریبہ علوی نے انگوٹھی کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی منگنی کی تصدیق کی تھی۔

اریبہ علوی شوبز کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں، ابھی تک انہوں نے کسی ڈرامے میں کوئی مرکزی یا اہم کردار ادا نہیں کیا۔

اریبہ علوی نے ’انا اور پری زاد‘ سمیت دیگر ڈراموں میں معاون کردار ادا کیے ہیں، تاہم ان کے کرداروں کو سراہا گیا تھا۔

’انا‘ میں اریبہ علوی نے استحصال کا نشانہ بننے والے بچے کا کردار ادا کیا تھا اور وہ عثمان مختار کی بہن بنی تھیں۔

ڈراموں میں چھوٹے اور معاون کردار ادا کرنے کے علاوہ اریبہ علوی مختلف ٹاک شوز اور ٹی وی پروگرامات کا حصہ بھی رہ چکی ہیں، تاہم انہوں نے کسی پروگرام کی میزبانی نہیں کی۔

ان کے والد شہود علوی کا شمار سینیئر اور مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا اور وہ عام طور پر والد، بڑے بھائی یا افسر جیسے کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں