دہلی سے دوحہ جانے والی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

21 مارچ 2022
پرواز میں 283 مسافر اور عملے کے 12 اراکین شامل تھے—تصویر: بشکریہ قاضی حسن
پرواز میں 283 مسافر اور عملے کے 12 اراکین شامل تھے—تصویر: بشکریہ قاضی حسن

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے قطر کے دارالحکومت دوحہ جانے والی پرواز نے فنی خرابی کے باعث کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق قطر ایئر ویز کے طیارے پرواز کیو آر 579 دہلی سے دوحہ جارہی تھی کہ دورانِ پرواز کیپٹن کو طیارے کے کارگو ہولڈ میں اسموک سگنل ملا جس کی وجہ سے پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ پرواز میں 283 مسافر اور عملے کے 12 اراکین شامل تھے، طیارے کو رن وے نمبر ایک پر پارک کروا کر مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج میں شفٹ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر بھارتی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

بھارتی اخبار انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پرواز کیو آر 579 نے بھارتی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 20 منٹ پر دہلی سے اڑان بھری تھی اور صبح ساڑھے 5 بجے کراچی میں اترا۔

رپورٹ میں ایئرلائن کے جاری کردہ بیان کے حوالے سے بتایا گیا کہ ’طیارہ بحفاظت کراچی پہنچا جہاں اسے ہنگامی خدمات فراہم کی گئیں اور مسافروں کو سیڑھیوں کے ذریعے نکالا گیا‘۔

ایئرلائن کا مزید کہنا تھا کہ ’واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور مسافروں کو دوحہ لے جانے کے لیے ایک ریلیف پرواز کا بندو بست کیا گیا ہے‘۔

مزید پڑھیں:سعودی طیارے کی کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

ترجمان سی اے اے نے بتایا کہ قطر ایئر ویز کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ ہوئی البتہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کو دوحہ لے جانے کے لیے قطر ایئرویز کا متبادل طیارہ کراچی ایئرپورٹ پہنچ گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں