شیاؤمی کے نئے فلیگ شپ 12 سیریز کے فونز کو دسمبر 2021 کے آخر میں چین میں متعارف کرایا گیا تھا۔

اب لگ بھگ 3 ماہ بعد شیاؤمی 12 اور 12 پرو کو پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

شیاؤمی 12 اور 12 پرو کو پاکستان میں متعارف کرا دیا گیا ہے جو فی الحال پری آرڈر میں دستیاب ہوں گے۔

شیاؤمی 12

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

شیاؤمی 12 کئی سال بعد اس کمپنی کا سب سے چھوٹی اسکرین والا فلیگ شپ فون ہے اور بنیادی توجہ فیچرز پر مرکوز کی گئی ہے۔

اس فون میں 6.28 انچ کا امولیڈ ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ سے لیس ہے۔

فنگرپرنٹ اسکینر کو اسکرین کے اندر دیا گیا ہے جبکہ ڈسپلے کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے گوریلا گلاس وکٹس کو استعمال کیا گیا ہے۔

فون کے اندر کوالکوم کا نیا اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ کولنگ پیڈ بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔

شیاؤمی 12 میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری 67 واٹ وائرڈ، 50 واٹ وائرلیس اور 10 واٹ ریورس وائرلیس چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

شیاؤمی 12 سیریز کے فونز میں کمپنی کا نیا ایم آئی یو آئی 13 یوزر انٹرفیس موجود ہوگا۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کا حجم 1/1.56 انچ ہے اور آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن سپورٹ دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 5 میگا پکسل ٹیلی میکرو کیمرے اس سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔

یہ فون پاکستان میں 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج کے ساتھ دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت ایک لاکھ 80 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

شیاؤمی 12 پرو

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

اس فون میں 6.73 انچ کا ایل ٹی پی او ڈسپلے دیا گیا ہے جس کے ساتھ 1 سے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کی سہولت دستیاب ہوگی جس کا انحصار فون کے ٹاسک پر ہوگا۔

اس فون میں بھی فنگرپرنٹ اسکینر اسکرین کے اندر نصب ہے جبکہ گوریلا گلاس وکٹس پروٹیکشن فراہم کی گئی ہے۔

فون کے بیک پر 50، 50 میگا پکسل کے تین کیمروں کا سیٹ اپ ہے۔

فون کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کا حجم 1/1.28 انچ کا ہے جبکہ امیج آپٹیکل اسٹیبلائزیشن کا فیچر موجود ہے۔

دوسرا کیمرا 50 میگا پکسل پورٹریٹ لینس ہے جبکہ تیسرا 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا اس سیٹ اپ میں موجود ہے۔

کمپنی نے فون کے لیے اپنی فاسٹ آٹو فوکس ٹیکنالوجی کو تیار کرکے نصب کیا ہے تاکہ چہروں اور پس منظر کے دیگر عناصر کو لاک کیا جاسکے۔

شیاؤمی نے ایک نیا نائٹ موڈ الگورتھم میں ڈیوائس کا حصہ بنایا ہے۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

شیاؤمی 12 پرو میں 4600 ایم اے ایچ بیٹری 120 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بیٹری چارج کرنے کے لیے آپ کو محض 18 منٹ درکار ہوں گے جبکہ 50 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔

12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا یہ فون 2 لاکھ 9 ہزار روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں