خطے کے استحکام کیلئے افغانستان میں قیام امن ناگزیر ہے، وزیرخارجہ

31 مارچ 2022
وزیرخارجہ نے چین میں افغان ہم منصب سے ملاقات کی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
وزیرخارجہ نے چین میں افغان ہم منصب سے ملاقات کی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی استحکام، روابط اور اقتصادی انضمام کے فروغ کے لیے افغانستان میں قیام امن ناگزیر سمجھتا ہے۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق چین میں افغانستان کے پڑوسی ممالک کے وزرا کے تیسرے اجلاس کے موقع پر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ایک آزاد، خودمختار، اقتصادی طور پر مضبوط اور متحد افغانستان کے حصول کے لیے عالمی برادری اور افغانستان کے درمیان رابطوں کے تسلسل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو اس کا نقصان سب کو ہو گا، شاہ محمود

انہوں نے کہا کہ ہم نے 22 اور 23 مارچ 2022 کو اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس منعقد کیا جس میں دیگر تمام امور کے علاوہ رکن ممالک نے افغانستان کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران افغانستان کے لیے ہیومینٹیرین ٹرسٹ فنڈ فعال کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام، روابط اور اقتصادی انضمام کے فروغ کے لیے افغانستان میں قیام امن ناگزیر سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم داخلی استحکام اور عالمی برادری کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے افغان عبوری حکومت کے اقدامات اور عزم کو سراہتے ہیں۔

عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان عوام کو انسانی امداد کی مسلسل فراہمی اور طویل مدتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ نے سنگین انسانی ضروریات کو پورا کرنے، ترجیحی بنیادوں پر معاشی استحکام یقینی بنانے اور افغانستان کے عوام کو انسانی امداد کی غیر مشروط فراہمی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی چین میں روس، ایران کے وزرائے خارجہ سے ملاقات

وزیرخارجہ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے افغانستان کی صلاحیت بڑھانا عالمی برادری کے مفاد میں ہے۔

شاہ محود قریشی نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کے استحکام اور تعمیر و ترقی کے لیے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کی کامیابی پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کو مبارک باد دی۔

انہوں نے افغانستان کی تعمیر، ترقی اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل معاونت پر وزیر خارجہ اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں