اریبہ حبیب اور علی انصاری کی جانب سے عبادت کی ویڈیوز شیئر کرنے پر مداح ناراض

07 اپريل 2022
دونوں اداکاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں اداکاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ اریبہ حبیب اور علی انصاری کی جانب سے ماہ مقدس رمضان المبارک کی عبادت کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر مداحوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی عبادت کو دکھاوا قرار دیا۔

ماہ مقدس میں عام لوگوں کی طرح شوبز شخصیات بھی عبادات کا خصوصی اہتمام کرتی ہیں اور حال ہی میں اداکارہ اریبہ حبیب نے نماز پڑھنے کی ویڈیو کو شیئر کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

اریبہ حبیب کی نماز پڑھنے کی ویڈیو بعد ازاں دیگر سوشل میڈیا پیجز نے بھی شیئر کی، جس پر لوگوں نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی عبادت کو دکھاوا قرار دیا۔

بعض لوگوں نے اداکارہ کی ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ نماز ہر مسلمان پر فرض ہے لیکن اگر کوئی اداکار پڑھ لیتا ہے تو لوگوں کو لگتا ہے کہ کوئی عجوبہ ہوگیا؟

ایک مداح نے لکھا کہ یہ سب ٹھیک ہے لیکن نماز پڑھنے کی ویڈیو کو انٹرنیٹ پر شیئر کرنے کی کیا ضرورت تھی؟

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کچھ مداحوں کے مطابق اداکارہ نے عبادت کی ویڈیو کو دکھاوے کی خاطر انٹرنیٹ پر شیئر کیا، جب کہ بعض لوگوں نے مذکورہ عمل کو اداکارہ کی بے وقوفی بھی قرار دیا۔

کچھ صارفین نے لکھا کہ وہ اداکارہ کی طرح دکھاوے پر یقین نہیں رکھتے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اریبہ حبیب کی طرح علی انصاری کی نماز پڑھنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اس پر بھی لوگوں نے طرح طرح کے تبصرے کرتے ہوئے جہاں ان کے عمل کو سراہا، وہیں ان کی عبادت کو دکھاوا بھی قرار دیا۔

علی انصاری کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں انہیں سمندر کنارے ہوٹل میں نماز پڑھتے دیکھا جا سکتا ہے، ان کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پیجز پر شیئر کیے جانے کے بعد لوگوں نے ان پر تنقید کی۔

علی انصاری کی ویڈیو پر بعض لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ بھلا یہ بھی کوئی شیئر کرنے کی چیز ہے؟

کچھ مداحوں نے لکھا کہ اب کوئی یہ کمنٹ نہ کرے کہ علی انصاری نے دکھاوا کیا ہے، کیوں کہ اچھے عمل کی تشہیر کرنی چاہیے اور یہ بھی حقیقت ہے سلیبرٹیز کے مداح انہیں فالو کرتے ہیں اور ان کی اچھی باتوں پر لوگ عمل کریں گے۔

زیادہ تر لوگوں نے علی انصاری کی ویڈیو پر تنقید کمنٹس کرتے ہوئے اداکار کی عبادت کو دکھاوا قرار دیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں