کرسٹیانو رونالڈو کے نومولود بیٹے کا انتقال ہو گیا

19 اپريل 2022
پچھلے سال اکتوبر میں اس جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے— فائل فوٹو: ٹوئٹر
پچھلے سال اکتوبر میں اس جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے— فائل فوٹو: ٹوئٹر

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کے دوران ایک بچے کا انتقال ہو گیا۔

رونالڈو نے 18اپریل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر پوسٹ میں اس افسوسناک خبر سے آگاہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو کے ہاں دوسری مرتبہ جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع

18اپریل کو کی گئی پوسٹ میں رونالڈو نے لکھا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ ہمیں یہ اعلان کرنا پڑ رہا ہے کہ ہمارے بچے کا انتقال ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی والدین کے لیے سب سے بڑا درد ہے لیکن ان کی بچی کی پیدائش انہیں ’امید اور خوشی‘ کے ساتھ اس لمحے کو جینے کی طاقت دیتی ہے۔

رونالڈو اور ان کی گرل فرینڈ روڈریگوئیز دونوں نے ڈاکٹروں اور نرسوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ماہرانہ انداز میں نگہداشت اور تعاون کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب اس نقصان پر بہت غمزدہ ہیں اور اس مشکل وقت میں پرائیویسی کی درخواست کرتے ہیں۔

ان کے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے بھی اس مشکل وقت میں ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

پچھلے سال اکتوبر میں جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے، مانچسٹر یونائیٹڈ کے 37سالہ اسٹار اور ان کی 28 سالہ گرل فرینڈ روڈریگوئیز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر الٹراساؤنڈ کی تصاویر شیئر کر کے لکھا تھا کہ ہم یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں کہ ہمارے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رونالڈو نے ریپ کا الزام لگانے والی خاتون کو لاکھوں ڈالرز دینےکا اعتراف کرلیا

اس کے بعد انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان دو بچوں میں سے ایک لڑکا اور دوسری لڑکی ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو کے چار بچے ہیں جن میں کرسٹیانو رونالڈو جونیئر، جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو اور الانا مارٹینا شامل ہیں۔

نومولود کی پیدائش کے بعد رونالڈو اب پانچ بچوں کے باپ بن گئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں