2021 میں عمدہ کارکردگی، وزڈن نے رضوان کو سال کا بہترین ٹی20 کرکٹر قرار دے دیا

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2022
رضوان ٹی 20 کرکٹ میں ایک سال کے دوران 2 ہزار سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
رضوان ٹی 20 کرکٹ میں ایک سال کے دوران 2 ہزار سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

وزڈن نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو عمدہ کارکردگی پر وزڈن الماناک کے 2022 کے ایڈیشن کے لیے سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔

رضوان کے لیے 2021 کا سال انتہائی یادگار رہا اور وہ ٹی20 کرکٹ میں ایک سال کے دوران 2 ہزار سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

مزید پڑھیں: رضوان نے ٹی20 کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

انہوں نے 45 اننگز میں 56.55 کی اوسط سے 2 ہزار 65 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ رضوان ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک سال کے دوران ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے بھی دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے، انہوں نے 73.66 کی اوسط سے ایک ہزار 326 رنز اسکور کیے۔

محمد رضوان نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری بناکر 2021 کا یادگار انداز میں آغاز کیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹیم کو 2021 میں لیگ کا چیمپیئن بنوانے میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔

اس کے بعد زمبابوے اور جوبی افریقہ کے دوروں میں بھی ان کا بہترین کھیل جاری رہا جہاں انہوں نے نصف سنچریاں اسکور کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی ایوارڈز کا میلہ محمد رضوان نے لوٹ لیا

ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی رضوان نے کپتان بابر کے ساتھ مل کر پاکستان بیٹنگ لائن کا بوجھ سنبھالا اور بھارت کے خلاف میچ میں شاندار نصف سنچری کی بدولت اپنی ٹیم کو 10 وکٹوں کی یادگار فتح سے ہمکنار کرایا۔

صرف یہی نہیں بلکہ رضوان نے طبیعت انتہائی خراب ہونے کے باوجود بھی آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں بہترین باری کھیلی اور نصف سنچری اسکور کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں