'لاپتا' سابق فوجی افسر 'بحفاظت' لندن پہنچ گئے، 'وقت آنے پر خاموشی توڑوں گا'

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2022
پی ای ایس ایس کے سابق ترجمان عادل راجا کی مبینہ گمشدگی کی خبر گزشتہ روز پہلی بار ٹوئٹر پر سامنے آئی تھی —فوٹو: ٹوئٹر
پی ای ایس ایس کے سابق ترجمان عادل راجا کی مبینہ گمشدگی کی خبر گزشتہ روز پہلی بار ٹوئٹر پر سامنے آئی تھی —فوٹو: ٹوئٹر

اسلام آباد سے مبینہ طور پر لاپتا ہونے والے سابق فوجی افسر میجر (ر) عادل راجا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ وہ 'بحفاظت' اپنے خاندان کے پاس برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق فوجی افسر میجر (ر) عادل راجا کا کہنا تھا کہ 'ان کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن وقت آنے پر سب کچھ کہا جائے گا'۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 'اس کے بعد اگر میری ماں اور عزیز و اقارب کو ذرا بھی تکلیف پہنچی تو میں کسی کا لحاظ نہیں کروں گا'۔

انہوں نے ٹوئٹر پر پنجاب پولیس کے پاس درج کرائی گئی اپنی شکایت کی کاپی بھی شیئر کی جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں 'جان سے مارنے کی دھمکیاں' دی گئی ہیں، شیئر کی گئی شکایت کی نقل کے مطابق شکایت 19 اپریل کو درج کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: صحافی مطیع اللہ جان اسلام آباد سے 'اغوا'

واضح رہے کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (پی ای ایس ایس) کے سابق ترجمان عادل راجا کی مبینہ گمشدگی کی خبر گزشتہ روز پہلی بار ٹوئٹر پر سامنے آئی تھی جب سبین کیانی نامی ایک خاتون نے ان کی اہلیہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ ان کا عادل راجا سے کوئی رابطہ نہیں ہو پارہا اور خاتون نے عادل راجا کی موجودگی کا پتا لگانے کے لیے لوگوں سے مدد طلب کی تھی۔

اس کے بعد سے سابق فوجی افسر کی 'گمشدگی' سے متعلق سوشل میڈیا پر شور رہا۔

گزشتہ روز اپنی ایک ٹوئٹ میں سبین کیانی نے کہا تھا کہ ایف آئی اے سے تعلق کا دعویٰ کرنے والے چند افراد نے ان کی ساس کے گھر پر چھاپہ مارا تھا جبکہ عادل راجا وہاں موجود نہیں تھے۔

خاتون نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا تھا کہ ان کا گھر آرمی ہاؤس سے بمشکل 100 میٹر کے فاصلے پر ہے۔

سبین کیانی نے مزید کہا تھا کہ 'اس واقعے کے کچھ ہی دیر بعد میرا اپنے شوہر سے رابطہ ٹوٹ گیا'۔

اس کے ساتھ ٹوئٹر پر انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں مسلح افراد کو مبینہ طور پر ایک اپارٹمنٹ کے باہر سیڑھیوں پر کھڑے دکھا جاسکتا ہے۔

آج سبین کیانی نے تصدیق کی کہ ان کا اپنے شوہر سے رابطہ ہوگیا ہے جبکہ ان کے شوہر ٹھیک اور آزاد ہیں، انہوں نے حمایت پر لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

عادل راجا ٹوئٹر پر ایک فعال سیاسی تبصرہ نگار اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرجوش حامی ہیں۔

انہوں نے عمران خان اور ان کی حکومت کی برطرفی پر بھی تنقید کی تھی اور 10 اپریل کو اپنی ایک ٹوئٹ میں پی ٹی آئی کے سربراہ کو بطور وزیر اعظم دوبارہ منتخب کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

عادل راجا نے اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'آئیے، عمران خان کو دو تہائی اکثریت کے ساتھ واپس لاتے ہیں، انشااللہ۔'

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ان کے پروفائل کے مطابق وہ ایک جنگی تجربہ کار ہیں اور ان دنوں ایک مقامی انگریزی روزنامے میں کالم لکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فوجی افسر تشدد کیس: (ن) لیگ کے رہنما خواجہ سلمان رفیق، حافظ نعمان گرفتار

عادل راجا نے چند روز پہلے ہی پی ای ایس ایس کے ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ 'رضاکارانہ طور پر' عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

سابق فوجی افسر نئی حکومت پر خاص طور پر شریف خاندان پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں اور ان کی مبینہ بدعنوانی پر انہیں ہدف تنقید بناتے رہے ہیں۔

جس دن شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا اسی روز عادل راجا نے ٹوئٹ کیا تھا کہ 'نئے کرائم منسٹر کی تقرری ہمارے نظام کی ناکامی کی دلیل ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں