صاحبہ کا بیٹا والدہ کی حمایت میں سامنے آگیا

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2022
اداکارہ کو دو بیٹے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کو دو بیٹے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ صاحبہ کے نوجوان بیٹے زین خان نے والدہ پر تنقید کرنے والے افراد کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ منفی کمنٹس کرنے والوں کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ ان کا ایک جملہ دوسروں کی ذہنی صحت کا مسئلہ بن سکتا ہے۔

زین خان نے والدہ پر لوگوں کی جانب سے کی جانے والی سخت تنقید کے بعد انسٹاگرام اسٹوری میں رد عمل کا اظہار کیا اور ان کی اسٹوری کو والد اداکار افضل خان المعروف ریمبو نے بھی شیئر کیا۔

کچھ دن قبل زین خان کی والدہ ماضی کی مقبول اداکارہ صاحبہ نے ندا یاسر کے رمضان شو میں کہا تھا کہ انہیں شوق تھا کہ ان کے بیٹے ہی ہوں اور ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر خدا کے شکرانے بھی ادے کیے تھے کہ اس زمانے میں خدا نے انہیں بیٹیاں نہیں دیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیٹیوں کے بجائے بیٹوں کی خواہش کے بیان پر اداکارہ صاحبہ کو تنقید کا سامنا

اداکارہ نے مزید وضاحت کی تھی کہ بیٹیوں پر دباؤ بہت ہوتا ہے، وہ زندگی میں کبھی اپنی مرضی چلا ہی نہیں سکتیں۔

صاحبہ نے کہا تھا کہ بیٹیوں پر پہلے والدین اور پھر شوہر کا دباؤ ہوتا ہے، وہ اپنی مرضی کے مطابق کچھ نہیں کر سکتیں۔

اداکارہ کی جانب سے مذکورہ بیان دیے جانے کے بعد ان پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی گئی تھی اور لوگوں نے انہیں احساس دلایا تھا کہ بیٹیاں تو نصیب والوں کو ملتی ہیں اور وہ خدا کی رحمت ہوتی ہیں۔

لوگوں نے صاحبہ کے بیان کے بعد ان کے لیے سخت زبان کا استعمال بھی کیا تھا، جس پر اب ان کے نوجوان بیٹے زین خان نے خاموشی توڑتے ہوئے والدہ کا ساتھ دیا ہے اور لوگوں کو بتایا ہے کہ ان کا ایک نامناسب جملہ دوسروں کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

زین خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ان کی والدہ نے اپنی خواہش کی بات کی تھی، جس پر لوگوں نے بات کا پتنگڑ بناتے ہوئے ان کے لیے سخت زبان کا استعمال کیا۔

اداکارہ کے بیٹے نے والدہ کی حمایت میں پوسٹ کی—اسکرین شاٹ
اداکارہ کے بیٹے نے والدہ کی حمایت میں پوسٹ کی—اسکرین شاٹ

انہوں نے لکھا کہ وہ اس بات پر حیران رہ گئے کہ جس خاتون نے شوبز کو 20 سال دیے اور انہوں نے کام کے دوران عزت کو ترجیح دی، ان کی ایک بات پر لوگوں نے ان کے خلاف سخت زبان استعمال کی۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ممکن ہے کہ ان کی والدہ نے غلط الفاظ کا انتخاب کیا ہو لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر کوئی ان کی بات کو غلط انداز میں لے کر ان کے لیے سخت زبان استعمال کرے۔

صاحبہ کے بیٹے نے لکھا کہ لوگوں کے منفی کمنٹس نہ صرف ان کی والدہ بلکہ ان کے تمام اہل خانہ کو متاثر کیا اور لوگوں کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ ان کا ایک منفی جملہ بھی دوسروں کی ذہنی صحت کو تباہ کر سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں