مریم نواز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر ایس ایچ او معطل

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2022
مسلم لیگ (ن) کی رہنما کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر ایس ایچ او معطل کیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
مسلم لیگ (ن) کی رہنما کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر ایس ایچ او معطل کیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

ڈسٹرکٹ پولیس افسر نے منگل کے روز چیچہ وطنی صدر کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کو سوشل میڈیا پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر معطل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈی پی او نے چیچہ وطنی صدر سرکل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے تاکہ معاملے کی تحقیقات کرکے تین ہفتوں میں رپورٹ پیش کی جائے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو جواب دینا پڑے گا کہ ہیروں کا سیٹ کیوں قبول کیا، مریم نواز

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ڈسپلن فورس کا رکن ہونے کے ناطے ایس ایچ او سب انسپکٹر اے ڈی شاہین کی طرف سے دیے گئے ’ریمارکس‘ ناپسندیدہ ہیں۔

اے ڈی شاہین نے پیر کو مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے خلاف اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر توہین آمیز اور ہتک آمیز تبصرے اپ لوڈ کیے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں نے ایس ایچ او کے تبصروں کی مذمت کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ کس طرح ایک آن ڈیوٹی پولیس اہلکار ایک اہم سیاسی جماعت کی نائب صدر کے خلاف تضحیک آمیز زبان استعمال کر سکتا ہے۔

اپنے ماتحت کے ریمارکس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او نے شاہین کو گورنمنٹ سرونٹ ایفیشینسی اینڈ ڈسپلن رولز 1973 کے تحت ملازمت سے معطل کرتے ہوئے فوری طور پر پولیس لائنز ساہیوال میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کے پاسپورٹ کی واپسی سے متعلق درخواست:ایک بار پھر بینچ تشکیل

معطلی کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او کو ان کی نااہلی، غیر ذمہ دارانہ رویے اور فرائض کی ادائیگی میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں