عید منانے کیلئے آبائی علاقے جانے والوں کا ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں پر رش

اپ ڈیٹ 01 مئ 2022
سرکاری محکمے میں کام کرنے والے سرفراز نے بتایا کہ ٹکٹ کی قیمت میں گزشتہ 2 برسوں سے دگنا اضافہ ہوگیا ہے— فوٹو: وائٹ اسٹار
سرکاری محکمے میں کام کرنے والے سرفراز نے بتایا کہ ٹکٹ کی قیمت میں گزشتہ 2 برسوں سے دگنا اضافہ ہوگیا ہے— فوٹو: وائٹ اسٹار

عید الفطر کی خوشیاں اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ منانے کے لیے لاہور سے اپنے آبائی شہروں کی جانب جانے والوں کی وجہ سے انٹر سٹی بس ٹرمینل اور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی بہت بڑی تعداد جمع نظر آرہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملتان جانے کے لیے شہر کے بس ٹرمینل پر ٹکٹ لینے کی کوشش کرتے ہوئے ایک مسافر سرفراز نے بتایا کہ 'پیر کو شروع ہونے والی عید کی چھٹیوں سے قبل ہفتہ کام کا آخری دن تھا اور میں جمعہ کو اپنے گاؤں جانا چاہتا تھا مگر چھٹی نہ ملنے کی وجہ سے اب میں ہفتہ کو جاؤں گا'۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا عید الفطر پر 4 چھٹیوں کا اعلان

لاہور کے سرکاری محکمہ میں کام کرنے والے سرفراز نے بتایا کہ ٹکٹ کی قیمت میں گزشتہ 2 برسوں سے دگنا اضافہ ہوگیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں ہزاروں افراد پنجاب کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جو یہاں نجی اور سرکاری شعبوں میں کام کرتے ہیں اور عید سمیت دیگر اہم مواقع پر اپنے آبائی شہر واپس جاتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے عید کے موقع پر پیر تا جمعرات 4 دن کی چھٹیوں کا اعلان ہونے کے بعد کافی لوگ جمعے کے روز اپنے آبائی گاؤں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ دیگر لوگ ہفتے کو اپنے گاؤں روانہ ہوئے۔

شہر کے مختلف بس اڈوں پر اپنے آبائی گاؤں جانے کے لیے ٹکٹ لینے والے مسافرین میں متعدد سرکاری ملازمین تھے یا پھر نجی کمپنیوں یا فیکٹریوں میں ملازمتیں کرنے والے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر 2 مئی کو ہوگی

ایک اور مسافر کاشف نے بھکر کے لیے ٹکٹ لینے کے بعد ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور کی ایک فیکٹری میں بطور منیجر کام کرتا ہوں اور عید کی چھٹیاں اپنے گھر والوں کے ساتھ گزار کر جمعہ کے روز میں پھر واپس آؤں گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے دیگر دوست بھی اسی بس ٹرمینل سے راولپنڈی، اٹک اور مظفر گڑھ اپنے آبائی گاؤں جارہے ہیں۔

بس ٹرمینل کے عملے نے بتایا کہ لاہور سے آنے والے مختلف انٹرسٹی روٹس پر چلنے والی تمام بسیں بس ٹرمینلز پر مسافروں کی بھرمار کے ساتھ روانہ ہو رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ’ہمارے لیے اتنی بڑی تعداد میں مسافروں کو سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے جو ٹکٹ کاؤنٹر پر طویل عرصے سے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔‘

صفائی ستھرائی

لاہور میں صفائی ستھرائی کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے صفائی ستھرائی سے متعلقہ سرگرمیوں کے حوالے سے ’فیلڈ فورس‘ پر مبنی ہزاروں صفائی کرنے والے ملازمین کو عید کے موقع پر مختلف اوقات میں شہر کی صفائی کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کر دیا ہے۔

متعلقہ سینئر حکام کے ساتھ شیئر کی گئی ایل ڈبلیو ایم سی کی انٹرنل رپورٹ کے مطابق کمپنی نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر ہزاروں ٹن کچرا اکٹھا، منتقل اور تلف کیا۔

کمپنی کی ٹیموں نے علامہ اقبال ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن، نشتر ٹاؤن اور سمن آباد ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن، راوی ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن، واہگہ ٹاؤن اور سگیاں کے مختلف علاقوں سے کچرا اٹھا کر لکھودیر لینڈ فل سائٹ پر تلف کردیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں