مسجد نبویﷺ واقعے کی پوری منصوبہ بندی عمران خان کے حکم پر ہوئی، مریم اورنگزیب

اپ ڈیٹ 01 مئ 2022
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہی تھیں — فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہی تھیں — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد نبویﷺ واقعے کی پوری منصوبہ بندی عمران خان کے حکم پر ہوئی، میں نے خود دیکھا کہ یہ لوگ اشارے کر کر کے نعرے لگوا رہے تھے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا یہ ریاست مدینہ بنانے کے دعوے دار تھے، یہ اپنی گندی ذہنیت کا گند اٹھا کر مسجد نبویﷺ لے گئے، انہوں نے وہاں لوگوں کو اکسایا، لوگوں کو اشتعال دلایا، آپ نے مسجد نبویﷺ میں ایک خاتون کو گالیاں پڑوائیں، اس مقدس مقام کو آپ نے اپنی سیاست کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس مقام کی بے حرمتی کرنا ان کے سر پڑ گیا، جب یہ لوگ مجھے وہاں گالیاں دلوا رہے تھے میں نے وہاں بھی ان کے لیے ہدایت کی دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب کا عمران خان،عارف علوی کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے 4 لوگ تو لوگوں کو اکسا کر راتوں رات لندن چلے گئے مگر غریب لوگ سعودی عرب میں عمران خان کی وجہ سے گرفتار ہو چکے ہیں، ان کے پاسپورٹ منسوخ ہو رہے ہیں، وہ لوگ قانون کے شکنجے میں ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسجد نبویﷺ واقعے کی پوری منصوبہ بندی عمران خان کے حکم پر ہوئی، میں وہاں موجود تھی، میں نے خود دیکھا کہ یہ لوگ اشارے کر کر کے نعرے لگوا رہے تھے، گالیاں نکلوا رہے تھے، میرے پیچھے آنے کا کہہ کر وڈیوز بنوا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ ان کی ذہنیت ہی یہ ہے، عمران خان نے ریاست مدینہ کا نام لے کر ملک میں تباہی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسجد نبویﷺ کی تاریخ میں اس طرح کا بے حرمتی کا واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا، انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت وزیر اعظم کی موجودگی کی اطلاع پر لوگوں کو وہاں بھیجا، میں نے خود دیکھا کہ پلاننگ کے تحت اس مقصد کے لیے مختلف بلاکس میں لوگوں کو تعینات کیا گیا تھا اور افطار اور نماز کے وقت یہ بے حرمتی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب کا پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں مخالفین کے خلا ف بے بنیاد کیسز بنائے، انہیں سزائے موت کی چکیوں میں رکھا گیا، انسداد منشیات کا ادارہ بھی ہمارے رہنماؤں کے پیچھے لگا دیا گیا، عمران خان گزشتہ 4 سال سے قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔

'عمران خان آئین شکنی کرکے اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے تھے'

ان کا کہنا تھا کہ تمام ریاستی اداروں کو استعمال کرنے کے باوجود ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، 4 سال میں پاکستان کی کسی عدالت میں ایک دھیلے کی کرپشن کا شائبہ تک نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے 4 قیمتی سال سیاسی مخالفین کے خلاف بدترین انتقامی کارروائیوں میں ضائع کردیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کامیاب تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں پاکستان کے عوام نے اپنے نمائندوں کے ذریعے نااہل، نالائق ٹولے کو پارلیمنٹ سے باہر پھینکا۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے، مریم اورنگزیب

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کا کرپٹ ٹولہ آئین شکنی کرکے مرکز اور پنجاب میں اقتدار کی کرسی سے چمٹا رہنا چاہتا تھا کیونکہ ان کو اپنی کرپشن کے ثبوت سامنے آنے کا خوف تھا۔

'فرح گوگی پنجاب میں عمران خان کی فرنٹ پرسن تھی'

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کہتے ہیں کہ فرح خان کے پاس کوئی عوامی عہدہ نہیں تھا اس لیے ان کے خلاف کوئی کیس نہیں بنتا، میں پوچھتی ہوں کہ مریم نواز کے پاس کونسا عہدہ تھا، ان کے خلاف کیوں انتقامی کارروائی کی گئی، ان کو کیوں جیل میں رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بقول عمران خان آج فرح گوگی بہت معصوم ہے، وہ پنجاب میں عمران خان کی فرنٹ پرسن تھی، فرح گوگی کے اثاثوں میں گزشتہ 4 سال کے دوران اربوں کا اضافہ ہوا ہے، رشوت لے کر پنجاب میں تقرر و تبادلے، تعیناتیاں و ترقیاتی منصوبے شروع کیے جاتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ ذاتی خرچ پر کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسی لیے عمران خان نے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ عثمان بزدار گونگے اور بہرے ہیں اور اس لیے فرح گوگی کو پنجاب میں پلانٹ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں شہزاد اکبر کی زیر نگرانی ایسٹ ریکوری یونٹ نہیں بلکہ ایسٹ میکنگ یونٹ بنایا گیا تھا، آج کدھر ہیں وہ شہزاد اکبر جو تمہارے فرنٹ مین تھے۔

'عمران خان وزیراعظم ہاؤس سے بم پروف گاڑی لے گئے'

انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد وزیراعظم تھے جنہوں نے توشہ خانہ کے تحائف فروخت کیے، دوست ممالک سے ملنے والے تحفے ان ہی ملکوں میں بیچے گئے جہاں سے وہ موصول ہوئے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ ان تحائف کو اپنے پاس رکھنے کے لیے عمران خان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پہلے 20 فیصد رقم ادا کی، پھر تحائف رکھنے کی شرح کو 50 فیصد تک بڑھایا، 3 کروڑ میں خریدی گئی چیزوں کو آگے کئی گنا اضافے کے ساتھ فروخت کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف خریدنے کے لیے وہ پیسے فرح گوگی اور شہزاد اکبر نے عمران خان کو دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملوں سے پیسے کھا کر چینی اور آٹے کے اسکینڈل بنائے، یہ تھے عمران خان اور ان کی حکومت کے کرتوت۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان یاد رکھیں ظلم حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین وزیراعظم ہاؤس سے بم پروف گاڑی بھی ساتھ لے گئے اور آج تک اس کی مرمت کے اخراجات بھی پاکستان کے عوام کے پیسے سے ادا کیے جارہے ہیں، عمران خان جاتے جاتے ایک پستول بھی اپنے ساتھ لے گئے اور اس کو توشہ خانہ میں ڈیکلیئر بھی نہیں کیا گیا، یہ کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں، ابھی اور بھی بہت سی چیزیں ثبوتوں کے ساتھ سامنے آئیں گی، ابھی آپ نے توشہ خانہ کی ان چیزوں کا حساب دینا ہے جو ڈکلیئر نہیں کیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری ریاستی مشینری کو استعمال کرکے بھی نواز شریف، شہباز شریف سمیت کسی رہنما کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں کیا جا سکا۔

'ڈھائی ہفتے میں آٹا، چینی، گھی سستا ہوا'

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں مہنگائی، بے روزگاری، غربت عمران خان کی وجہ سے ہے، ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر کدھر ہیں، عمران خان آج بھی دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عوام باہر نکلیں، عوام باہر نکلیں گے، پاکستان کے عوام آپ کے گلوں میں جوتوں کے ہارپہنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مسجدِ نبویﷺ واقعے پر عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت پر مقدمہ

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے 4 سالہ دور اقتدار میں تمام مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے، ان کے ساتھ لڑائیاں کی، ان کے سربراہان کے دل خراب کیے، خارجہ پالیسی کے معاملات پر بھی اپنی منفی ذہنیت کا مظاہرہ کیا اور آج جب شہباز شریف کو سعودی عرب میں گارڈ آف آنر دیا گیا تو ان کو مرچیں لگ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پریشان ہیں کہ ڈھائی ہفتے میں شہباز شریف کو دنیا بھر کے ممالک کے سربراہان فون پر مبارکبادیں دے رہے ہیں، ڈھائی ہفتے میں آٹا، چینی، گھی سستا ہوا ہے تو ڈیڑھ سال میں کیا ہوگا، پہلی بار سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی طرف جارہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج ملک میں مہنگائی کی جو صورتحال ہے وہ اس آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ہے جس پر عمران خان کے دستخط ہیں، ان کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے ہونے والی مہنگائی کو کم کرنے کے لیے شہباز شریف دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں