حکومت کا عمران خان کے بیرونی سازش کے الزامات پر ’انکوائری کمیشن‘ تشکیل دینے کا اعلان

اپ ڈیٹ 05 مئ 2022
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف، عمران خان کی نالائقی اور لوٹ مار کے بوجھ سے ہر ممکنہ حد تک عوام کو بچا رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف، عمران خان کی نالائقی اور لوٹ مار کے بوجھ سے ہر ممکنہ حد تک عوام کو بچا رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران کے بیرون ملک سازش کے الزامات پر ’انکوائری کمیشن‘ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو تمام حقائق عوام کے سامنے لائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے یہ الزام لگایا گیا ہے کہ بیرونی ملک کی سازش سے ملک میں حکومت تبدیل ہوئی جس پر حکومت کی طرف سے ’انکوائری کمیشن‘ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوراں تمام شیطان قید تھے مگر اب رمضان ختم ہو چکا ہے اور ان کے جھوٹ پر مبنی چار سال کا اعمال نامہ عوام کے سامنے لایا جائے گا، جس کا بوجھ عوام کو معاشی تباہی اور بیروزگاری کی صورت میں اٹھانا پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صرف اس کوشش میں لگی ہے کہ جو معاشی تباہی، معاشی دہشت گردی اور معاشی بارودی سرنگیں عمران خان بچھا کر گئے ہیں اس کا بوجھ پاکستانی عوام پر نہ پہنچے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام پالیسیوں کا اس وقت جائزہ لیا جارہا ہے، جس طرح چار سال میں لوٹ مار کا بازار گرم تھا اس کی وجہ سے پاکستانی عوام آج اس مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے، ہر روز صبح، دوپہر اور شام وزیر اعظم شہباز شریف پاکستانی عوام کو اس بوجھ سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا وہ شخص جو چار سال اس کرسی پر مسلط رہا جس نے چار سال اپنی نالائقی، نااہلی، لوٹ مار، کارٹلز، مافیا کی سربراہی کی اور ان کی لوٹ مار کی بازار کو گرم کیا اسے ڈھائی ہفتے سے اقتدار کی کرسی سے اترنے کے بعد پاکستان کے عوام کے سکون سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چار سال لوٹ مار چاہے خزانے کی ہو یا توشہ خانہ کی ہو یا وہ پاکستان کے عوام کے آٹا، چینی، گھی، بجلی، گیس اور دوائی کی لوٹ مار ہو اس کو کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ اس وقت وہ صرف اس لوٹ مار تک محدود اور اب فرح گوگی بچاؤ تحریک کا ترجمان بنا ہوا ہے اور تمام کرائے کے ترجمان جو پہلے کہتے تھے کہ فرح گوگی سے ہمارا تعلق نہیں اب صبح، دوپہر، شام فرح گوگی کی بچاؤ تحریک میں قطاروں میں لگے ہوئے ہیں اور ہر گھنٹے بعد کرائے کے ترجمان فرح گوگی کے حق میں بیان جاری کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب کا پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس طرح عمران خان کا حکم تھا کہ اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالو، جھوٹے مقدمات بناؤ، سزائے موت کی چکیوں میں ڈالو، ان کی زبان بند کرو، میڈیا کی زبان بند کرو اور کوئی بھی سیاسی مخالف جیل سے باہر نہ رہے اور اسی طرح چار سال تک آٹا، چینی، بجلی، گیس کی لوٹ مار کی۔

انہوں نے کہا کہ اب تین ہفتوں میں جو یہ بیرون ملک سازش کا رونا رو رہا ہے وہ دراصل فرح گوگی بچاؤ تحریک کا عنوان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک کوئی سازش نہیں ہوئی جو7 اپریل کو خط آیا ہو، 8 تاریخ کو سفیر آیا ہو اور 28 تاریخ کو کاغذ لہرایا جائے اور عمران خان کو اس وقت بیرونی سازش نظر آئی جب ان کو اپنے اتحادی چھوڑ گئے، ایم کیو ایم، جی ڈی اے، بی اے پی اور اپنے اراکین چھوڑ گئے، جب عوام نے مسترد کیا اور اپنے ووٹ کے اندر نمبر گیم ختم کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج بھی یہ کوئی بیرونی سازش کی تحریک نہیں ہے، یہ جو جلسوں کا شیڈول آیا ہے یہ اصل میں بے نامی فرح گوگی کو بچانے کا دباؤ ہے جن کے ہاتھوں پنجاب میں لوٹ مار ہوئی اور پاکستان کی عوام کو لوٹا گیا اور جو افسران تھے ان کے ذریعے پیسے کمائے گئے اس کی ایک ایک تفصیل سامنے آچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے صبح شام بیرونی ملک سازش کا تماشہ کیا جارہا ہے، لیکن پاکستانی عوام اب سمجھ چکی ہے کہ یہ سارا جھوٹ اصل میں گوگی بچاؤ تحریک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بیرون ملک سازش ہوتی ہے تو وہ آپ کو بلا کر یہ نہیں بتاتے کہ ہم آپ کے خلاف سازش کر رہے ہیں، یہ تماشہ نہیں چلے گا اور یہ الزامات کی گردان بند ہونی چاہیے کیونکہ چار سال کی اپنی نالائقی، نااہلی، لوٹ مار اور کرپشن کو بچانے کے لیے اب یہ بیرون ملک سازش کا ڈھونگ زیادہ نہیں چلے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چار سال ملک میں لوٹ مار ہوئی، چار سال ملک میں قاتل مافیا اور عمران خان کا راج تھا، چار سال ملک کو بھوکا کیا، غریب کیا، پاکستان کے عوام سے ان کی روٹی چھینی، ان سے آٹا اور چینی چھینی، یہ سارا ڈرامہ اب بند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ جو تماشہ لگایا ہوا ہے بیرون ملک سازش کا اور یہ جو الزام تراشی کی جا رہی ہے اس پر انکوائری کمیشن بنایا جائے گا، کمیشن کے قواعد و ضوابط کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے، کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے گی اور کمیشن کی تجاویز پر ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں پانچ سال چینی کی قیمت نہیں بڑھی تھی کیونکہ اس وقت کا وزیر اعظم کہتا تھا عوام کو سستا آٹا، سستی بجلی، سستی چینی فراہم کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی ملک سازش کا ڈرامہ رچانے پر اب عمران خان کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اور تمام حقائق پاکستانی عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انکوائری کمیشن منصفانہ بنیاد پر قائم کیا جائے گا اور کمیشن کا سربراہ غیر جانبدار ہوگا تاکہ اس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی الزام تراشیاں ’گوگی بچاؤ تحریک‘ کے لیے ہے، حکومت کی طرف سے انکوائری کمیشن منصفانہ بنیاد پر بنایا جائے گا اور جنہوں نے ملک پر بیرونی سازشوں کے الزامات لگائے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ساری چیزیں عوام کے سامنے لائی جائیں گی، یہ بے شرم ٹولہ ہے جنہوں نے کشمیر فروشی کی، خارجہ پالیسی بیچی، سی پیک کو بند کرکے ملک می بجلی بحران پیدا کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ فرح گوگی تحریک کے لیے یہ لوگ آج ٹوئٹر پر لکھ رہے ہیں کہ ہم ایسے اقدامات نہیں ہونے دیں گے، یہ وہی فرح گوگی بچاؤ تحریک کا ٹولا ہے جو دوسروں پر الزامات لگاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیر فروشوں، خارجہ پالیسی بیچنے والوں کی حکومت نہیں ہے جو عوام کو مہنگائی میں ڈھکیل دیں، مگر یہ جمہوری حکومت ہے جو عوام کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور جمہوری وزیر اعظم کی کاوشوں سے ملک میں بجلی کا بحران ختم ہوا ہے، ایندھن خریدا گیا ہے اور مہنگائی پر قابو پایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت کے تین ہفتوں میں آٹا، چینی، گھی وغیرہ سستے ہوگئے مگر کارٹلز، مافیا کی فاشسٹ حکومت کے چار سالہ دور میں تمام چیزیں مہنگی ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری وزیر اعظم نے سستی ایل این جی خریدی، بجلی کے 27 پلانٹ بحال کیے، تین ہفتے میں لوڈشیڈنگ ختم کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میرٹ یہ تھا کہ تقرر و تبادلے وغیرہ فرح گوگی کے ہاتھوں ہوئے اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ پر فرح گوگی کو مسلط کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب سکون کی نیند سوتے ہیں کیونکہ جمہوری وزیر اعظم عوام کی بہتری کے لیے دن رات کام کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چار سال تک عوام کو ساری چیزیں مہنگی ملیں، اگر آج چیزیں مہنگی ہیں تو اس کا ذمہ دار عمران خان ہے جس نے آٹا، چینی، گھی وغیرہ تمام چیزیں مہنگی کیں، عمران خان کا بے نامی کرپشن انڈیکس میں نام سرفہرست تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ غریب عوام سے جھوٹے وعدے کیے گئے، اگر بنی گالہ کا گھر ریگولرائز ہو سکتا ہے تو عوام کو 50 ہزار گھر بھی مل سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اب جمہوری حکومت میں عوام کو سستی بجلی، سستا آٹا، چینی، گھی، گیس اور تمام چیزیں ملیں گی کیوں کہ اب عوام پر کسی مافیا کا راج نہیں ہے بلکہ ایک جمہوری حکومت ہے۔

یہ بیرون ملک سازش نہیں، ’گوگی بچاؤ تحریک‘ ہے، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف کوئی بیرونِ ملک سازش نہیں ہوئی بلکہ یہ صرف فرح گوگی کا ماتم منا رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف، سابق وزیر اعظم عمران خان کی نالائقی اور لوٹ مار کے بوجھ سے ہر ممکنہ حد تک عوام کو بچا رہے ہیں اور آج عوام کو 4 سال کے بعد سستی چینی، آٹا اور گھی مل رہا ہے کیونکہ آج کارٹلز اور مافیا مسلط نہیں ہیں۔

ٹوئٹر پر چلنے والے ٹرینڈ ’گوگی بچاؤ تحریک‘ میں حصہ لیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آج برادر ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ملکی ترقی کے لیے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد عام انتخابات ہوں گے، مریم اورنگزیب

انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ خان صاحب کشکول لے کر در در کی ٹھوکریں کھاتے رہے، ان کا پھیلایا گند اور غلاظت صاف کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ آج ایندھن کی قیمتوں کے بوجھ کی وجہ عمران خان ہیں۔

مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ یہ بیرونِ ملک سازش کا رونا نہیں یہ ’گوگی بچاؤ‘ کاماتم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی دہشت گرد اور معاشی بارودی سرنگیں بجھانے والے آج اپنی نالائقی، نااہلی اور لوٹ مار کا ماتم کر رہے ہیں، سازشی ٹولے نے چار سال ملک کو لوٹا اور عوام کے خلاف سازش کی۔

تبصرے (0) بند ہیں