اے آر رحمٰن کی بیٹی گلوکارہ خدیجہ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں

خدیجہ رحمٰن نے دسمبر 2021 میں منگنی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
خدیجہ رحمٰن نے دسمبر 2021 میں منگنی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

’آسکر‘ اور گریمی ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار و گلوکار اللہ رکھا رحمٰن (اے آر رحمٰن) کی صاحبزادی گلوکارہ خدیجہ رحمٰن منگنی کے 4 ماہ بعد شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

خدیجہ رحمٰن نے دسمبر 2021 میں آڈیو انجنیئر اور کاروباری شخص ریاض الدین سے منگنی کی تھی، جن سے انہوں نے عید الفطر کے موقع پر شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کردیا۔

خدیجہ رحمٰن نے 5 مئی کو انسٹاگرام پر شریک حیات کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے شادی کرلی۔

ساتھ ہی انہوں نے نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا، انہوں نے شوہر ریاض الدین شیخ کے ہمراہ ایک ہی تصویر شیئر کی۔

ان کے والد گلوکار و موسیقار اے آر رحمٰن نے بھی بیٹی کی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے شادی کے موقع پر اہل خانہ کے ہمراہ دولہا اور دلہن کی کھینچی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے بیٹی کہ پیار گھر سدھار جانے پر شکرانے ادا کیے۔

اے آر رحمٰن کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں دولہا اور دلہن کے علاوہ دلہن کی والدہ، بہن اور بھائی سمیت والد بھی دکھائی دیے جب کہ ساتھ ہی دلہن کی دادی کا پورٹریٹ بھی تصویر میں دکھائی دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اے آر رحمٰن کی بیٹی گلوکارہ خدیجہ نے منگنی کرلی

گلوکارہ خدیجہ رحمٰن کی شادی پر مداحوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی کی مبارک باد پیش کی۔

خدیجہ رحمٰن متعدد ملایلم، تیلگو اور تامل فلموں میں گانے گا چکی ہیں جب کہ گزشتہ برس انہوں نے ’دبئی ایکسپو 2020‘ کے دوران باحجاب پرفارمنس کرکے لوگوں کے دل جیتے تھے۔

ان کے والداے آر رحمٰن نے 1995 میں سائرہ بانو سے شادی کی تھی اور انہیں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

اے آر رحمٰن اور ان کے والدین پیدائشی ہندو تھے، والد کی وفات کے بعد موسیقار نے والدہ کے ہمراہ اسلام قبول کیا تھا۔

اے آر رحمٰن تامل ناڈو کے رہائشی ہیں اور انہوں نے کم از کم عالمی معیار کے 100 گانوں کی موسیقی ترتیب دے رکھی ہے۔

اے آر رحمٰن بھارت کے واحد موسیقار اور شوبز شخصیت ہیں، جنہیں فلمی دنیا کا اعلیٰ ترین ایوارڈ آسکر ملا جب کہ وہ بافٹا اور گولڈن گلوب جیسے اعلیٰ ایوارڈز بھی متعدد بار جیتنے والے واحد بھارتی ہیں۔

اے آر رحمٰن نے خود بھارت کا اعلیٰ ترین نیشنل ایوارڈ بھی 4 مرتبہ حاصل کیا ہے جب کہ کئی اعلیٰ اداکار و موسیقار بھی تاحال یہ ایوارڈ نہیں جیت پائے۔

علاوہ ازیں اے آر رحمٰن فلم فیئر سمیت دیگر متعدد اقسام کے درجنوں ایوارڈز جیت چکے ہیں اور وہ یورپ سمیت امریکا کا انٹرنیشنل میوزیکل ٹوئر کرنے والے واحد بھارتی موسیقار ہیں۔

انہوں نے کم از کم 5 درجن بولی وڈ فلموں کے گانوں کی موسیقی ترتیب دی، انہوں نے بولی وڈ فلم ’موہن جو داڑو‘ کے گیتوں کی موسیقی بھی ترتیب دے رکھی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں