احد رضا میر کی نیٹ فلیکس سیریز ’ریزیڈنٹ ایول‘ کا ٹیزر ریلیز

پہلے ٹیزر میں احد رضا میر کے کردار کی جھلک نہیں دکھائی گئی—اسکرین شاٹ
پہلے ٹیزر میں احد رضا میر کے کردار کی جھلک نہیں دکھائی گئی—اسکرین شاٹ

مقبول اداکار احد رضا میر کی پہلی نیٹ فلیکس اوریجنل ہارر ویب سیریز ’ریزیڈنٹ ایول‘ کا پہلا مختصر ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں پاکستانی اداکار کی کوئی جھلک نہیں دکھائی گئی۔

احد رضا میر نے 12 مئی کو اپنے انسٹاگرام پر ’ریزیڈنٹ ایول‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ویب سیریز 14 جولائی کو ریلیز کردی جائے گی۔

ان کی جانب سے ٹیزر کو شیئر کیے جانے کے بعد کئی لوگوں نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ ٹیزر میں ان کی جھلک نہیں دکھائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: احد رضا میر نیٹ فلیکس کی ویب سیریز میں کاسٹ

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں دیگر کرداروں کی جھلک بھی نہیں دکھائی گئی مگر پاکستانی اداکار کا عکس نہ دکھائے جانے پر ان کے مداحوں نے مایوسی کا اظہار کیا۔

اگرچہ ’ریزیڈنٹ ایول‘ احد رضا میر کی پہلی اوریجنل نیٹ فلیکس ویب سیریز ہے، تاہم وہ اس سے قبل بھی عالمی منصوبوں میں کام کر چکے ہیں۔

احد رضا میر ماضی میں برطانیہ میں ’ہیملیٹ: اے گھوسٹ اسٹوری‘نامی اسٹیج تھیٹر میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں جب کہ وہ معروف انگریز مصنف ولیم شیسکپیئر کے شہرہ آفاق تھیٹر ڈرامے ’ہیملیٹ‘ (دی ٹریجڈی آف ہیملیٹ، پرنس آف ڈینمارک) میں بھی ایکشن دکھا چکے ہیں۔

پاکستان میں شوبز کیریئر شروع کرنے سے قبل احد رضا میر کینیڈا میں رہائش پذیر تھے، جہاں انہوں نے تھیٹرز سمیت دیگر منصوبوں میں بھی کام کیا تھا اور وہ متعدد ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔

احد رضا میر معروف اداکار و ڈراما ساز آصف رضا میر کے بیٹے ہیں، جنہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

کچھ ہفتوں سے احد رضا میر اور سجل علی اپنی طلاق کی افواہوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، تاہم دونوں نے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔

متعدد شوبز شخصیات کے مطابق دونوں کے درمیان طلاق ہو چکی ہے، تاہم واضح طور پر سجل علی یا احد رضا میر نے ایسی خبروں کی نو تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی انہوں نے ان کی تردید کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں