منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف، حمزہ شہباز کی ضمانت میں 11 جون تک توسیع

اپ ڈیٹ 04 جون 2022
دوران سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز عبوری ضمانت کی توثیق پر دلائل دیے— فوٹو: ڈان نیوز
دوران سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز عبوری ضمانت کی توثیق پر دلائل دیے— فوٹو: ڈان نیوز

عدالت نے 16 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک مزید توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر شریک ملزمان کے وکلا سے دلائل طلب کرلیے۔

لاہور کی مقامی عدالت میں خصوصی عدالت کے جج اعجاز اعوان نے منی لانڈرنگ کیس سماعت کی، دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز عبوری ضمانت کی توثیق پر دلائل دیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال تک تحقیقات کی گئیں لیکن ایف آئی اے کوئی شواہد ریکارڈ پر نہ لا سکا، پچھلی حکومت میں بدترین سیاسی انجینئرنگ کی گئی جبکہ لاہور ہائیکورٹ بھی سیاسی انجینئرنگ کو حقیقت قرار دے چکی ہے۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف، حمزہ شہباز کی ضمانت میں 28 مئی تک توسیع

وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ مشتاق چینی کے بارے میں کہا گیا کہ وہ شامل تفتیش ہوا جبکہ مشتاق چینی کو گواہ بنایا گیا نہ ملزم بنایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب شہباز شریف اور حمزہ شہباز جیل میں تھے تو ایف آئی اے نے دونوں کو شامل تفتیش کیا، گزشتہ دور میں اپوزیشن لیڈرز کو دبانے کے لیے حکومتی مشینری کو استعمال کیا گیا۔

دلائل کے دوران عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری مطلوب ہے؟

وکیل ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز دونوں کی گرفتاری مطلوب ہے، ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

ایف آئی اے کے وکیل کی بات سے تضاد کرتے ہوئے امجد پرویز نے کہا کہ غلط بیانی کر رہے ہیں ملزمان شامل تفتیش ہوئے ہیں، سابقہ دور حکومت کا ایک ہی ایجنڈا تھا کہ کسی طرف انہیں جیل میں ڈالا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری گاڑی میں تیل بھی اپنی جیب سے ڈلواتا ہوں، شہباز شریف

ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز شوگر ملز کے ڈائیریکٹر رہے ہیں نہ شئیر ہولڈر رہے ہیں۔

جج نے استفسار کیا کہ استغاثہ کہتا ہے کہ کیس میں نامزد گلزار کے فوت ہونے کے بعد بھی اسکے اکاونٹ سے پیسے نکلوائے گئے، جس پر امجد پرویز نے کہا کہ ایسا ہے تو یہ ثبوت آنا چاہیے کہ یہ پیسے حمزہ شہباز کے اکاونٹ میں آئے ہیں۔

کچھ دیر کے وقفے کے بعد سماعت شروع ہونے پر لاہور کی خصوصی عدالت نے سلمان شہباز، طاہر نقوی اور ملک مقصود کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

دوران سماعت حمزہ شہباز کے وکیل نے عبوری ضمانت کی توثیق پر اپنے دلائل مکمل کر لیے جس کے بعد عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر شریک ملزمان کے وکیل دلائل دیں گے۔

منی لانڈرنگ کیس

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو شوگر اسکینڈل میں منی لانڈرنگ کے کیس کا سامنا ہے، ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ، کرپشن کی روک تھام ایکٹ اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کو ان کی آمدنی کے نامعلوم ذرائع سے مال جمع کرنے میں مدد دی۔

ایف آئی اے نے 13 دسمبر 2021 کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کے خلاف 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا چالان بینکنگ عدالت میں جمع کروایا تھا اور دنوں کو مرکزی ملزم نامزد کر دیا تھا۔

ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرایے گئے 7 والیمز کا چالان 4 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جس میں 100 گواہوں کی لسٹ بھی جمع کرا دی تھی اور کہا تھا کہ ملزمان کے خلاف 100 گواہ پیش ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے کی درخواست پر شہباز شریف 4 اپریل کو عدالت طلب

چالان میں کہا گیا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم نے 28 بے نامی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا جو 2008 سے 2018 تک شہباز شریف فیملی کے چپراسیوں، کلرکوں کے ناموں پر لاہور اور چنیوٹ کے مختلف بینکوں میں بنائے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق 28 بے نامی اکاؤنٹس میں 16 ارب روپے، 17 ہزار سے زیادہ کریڈٹ ٹرانزیکشنز کی منی ٹریل کا تجزیہ کیا اور ان اکاؤنٹس میں بھاری رقم چھپائی گئی جو شوگر کے کاروبار سے مکمل طور پر غیر متعلق ہیں اور اس میں وہ رقم شامل ہے جو ذاتی حیثیت میں شہباز شریف کو نذرانہ کی گئی۔

چالان میں کہا گیا کہ اس سے قبل شہباز شریف (وزیر اعلیٰ پنجاب 1998) 50 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کی منی لانڈرنگ میں براہ راست ملوث تھے، انہوں نے بیرون ملک ترسیلات (جعلی ٹی ٹی) کا انتظام بحرین کی ایک خاتون صادقہ سید کے نام اس وقت کے وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کی مدد سے کیا۔

ایف آئی اے نے کہا تھا کہ ’یہ چالان شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کو مرکزی ملزم ٹھہراتا ہے جبکہ 14 بے نامی کھاتے دار اور 6 سہولت کاروں کو معاونت جرم کی بنیاد پر شریک ملزم ٹھہراتا ہے۔

چالان میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز دونوں ہی 2008 سے 2018 عوامی عہدوں پر براجمان رہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں