آئی فون 14 کو اپ گریڈ سیلفی کیمرا کے ساتھ پیش کیے جانے کا امکان

14 جون 2022
ائی فون 14 کو ستمبر تک پیش کیے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
ائی فون 14 کو ستمبر تک پیش کیے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

ایپل کی جانب سے رواں برس کے اختتام تک آئی فون 14 کو پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس میں ممکنہ طور پر 6 سال بعد اپ گریڈ سیلفی کیمرا دیا جائے گا۔

آئی فون کے اب تک متعارف کرائے گئے فونز میں سیلفی کیمرا 12 میگا پکسل کا ہے، تاہم اب ممکنہ طور پر اسے اپ گریڈ کرکے زیادہ میگا پکسل کے ایڈوانس ٹیکنالوجی کے کیمرے کو دیے جانے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں آئی فون 14 میں مزید فیچرز کو بھی اپ گریڈ کیے جانے کا امکان ہے اور اس کی قیمت ڈالرز کے ریٹ میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان اور بھارت جیسے ممالک میں آئی فون 13 کے مقابلے تین گنا زیادہ تک جانے کا بھی امکان ہے۔

اگرچہ ابھی تک ایپل نے آئی فون 14 کے حوالے سے آفیشلی طور پر کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم چہ مگوئیاں ہیں کہ ڈالرز کے بڑھتے ریٹ کے باعث اس کی پاکستانی قیمت ساڑھے چار لاکھ روپے سے زائد تک جانے کا امکان ہے۔

ستمبر 2021 میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے آئی فون 13 کی قیمت 700 امریکی ڈالر سے 1100 امریکی ڈالر تک رکھی گئی تھی اور اسے پانچ مختلف ماڈیولز میں پیش کیا گیا تھا۔

اسی طرح ممکنہ طور پر آئی فون 14 کو بھی مختلف ماڈیولز میں پیش کیے جانے کا امکان ہے اس کی قیمت 1200 سے 1800 امریکی ڈالر تک رکھے جانے کا امکان ہے اور اگر ڈالر کے ریٹ میں اضافہ ہوتا رہا تو ٹیکس کے ساتھ پاکستانی روپوں میں فونز کی قیمت میں اضافہ ہوجائے گا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ پاکستان میں آئی فون 14 کے متعارف ہوتے وقت اس کی قیمت بشمول ٹیکس ساڑھے 4 لاکھ روپے تک جانے کا امکان ہے۔

آئی فون 14 کی قیمت اضافی ہونے کی خبریں سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر بھی صارفین نے اس پر میمز بنائے اور 14 جون کو آئی فون کا ٹرینڈ پاکستان میں ٹاپ پر بھی آگیا۔

تبصرے (0) بند ہیں