شیاؤمی کی ذیلی کمپنی نے اپنے نئے فلیگ شپ ریڈمی نوٹ 11 سیریز کے فونز فروری میں پاکستان میں متعارف کرائے تھے۔

اس وقت ریڈمی نوٹ11 کی دستیابی اور قیمت کے بارے میں تو بتا دیا گیا تھا مگر 11 پرو کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

اب شیاؤمی نے ریڈمی 11 پرو کو پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔

ریڈمی نوٹ 11 پرو میں 6.67 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ گوریلا گلاس 5 پروٹیکشن اور ڈسٹ اینڈ سپلیش ریزیزٹنس فیچرز بھی اس کا حصہ ہیں۔

فون کے اندر میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 96 پراسیسر موجود ہے جبکہ 6 سے 8 جی بی تک ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگی جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ایم آئی یو آئی 13 سے کیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ ریڈمی
فوٹو بشکریہ ریڈمی

فون کے بیک پر 108 میگا پکسل کا مین کیمرا موجود ہے جو 3 ایکس زومنگ سپورٹ کرتا ہے، اس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں، 4 جی ماڈل میں 2 میگا پکسل ڈٰپتھ سنسر کیمرا بھی دیا گیا ہے۔

اسی طرح فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں موجود ہے جبکہ فنگرپرنٹ سنسر کو بھی اسکرین کے اندر نصب کیا گیا ہے۔

ہیڈفون جیک اور ڈوئل اسپیکرز والے اس فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جس کے ساتھ 67 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

6 جی بی ریم والا ماڈل 51 ہزار 999 روپے جبکہ 8 جی بی ریم والا فون 59 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں