علیزے شاہ نے مذاق کرنے اور مذاق اڑانے میں فرق سمجھا دیا

08 جولائ 2022
اداکارہ نے کہا کہ مذاق کرنے اور مذاق اڑانے میں زمین آسمان کا فرق ہے—فوٹو : انسٹا گرام
اداکارہ نے کہا کہ مذاق کرنے اور مذاق اڑانے میں زمین آسمان کا فرق ہے—فوٹو : انسٹا گرام

سوشل میڈیا پر پاکستان شوبز اور ڈرامہ انڈسٹری کی بیشتر شخصیات کی طرح معروف ماڈل، اداکارہ و گلوکارہ علیزے شاہ بھی ٹرولنگ، تضحیک اور تنقید کا نشانہ بنتی رہی ہیں تاہم اب اداکارہ نے صارفین کو مذاق کرنے اور مذاق اڑانے کا فرق سمجھا دیا ہے۔

دراصل ہوا کچھ یوں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے ان دنوں سعودی عرب میں موجود ہیں۔

چند روز قبل ہی شعیب اختر سرکاری مہمان کی حیثیت سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچے ہیں۔

روانگی سے قبل مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شعیب اختر نے احرام پہنے اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’الحمد اللہ میں سعودی عرب کے سرکاری مہمان کی حیثیت سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو رہا ہوں‘۔

شعیب اختر نے مزید لکھا کہ ’میں مکہ میں حج کانفرنس سے خطاب بھی کروں گا جس میں مسلم دنیا کے رہنما شریک ہوں گے‘۔

شعیب اختر کے مداحوں نے ان تصاویر پر سابق فاسٹ بولر کو دل کھول کر دعائیں دیں اور نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا، تاہم چند صارفین نے ان تصاویر پر ہلکے پھلکے انداز میں مذاحیہ تبصرے بھی کیے۔

ان ہی میں سے ایک صارف کی ٹوئٹ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی جس نے شعیب اختر کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا اور ان کی تیزرفتار بالنگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا 'رواں سال شیطان کو 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کنکریاں ماری جائیں گی'۔

ہلکے پھلکے انداز میں اس مذاحیہ تبصرے کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب پسند کیا اور یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

مذکورہ ٹوئٹ اداکارہ علیزہ شاہ نے بھی خوب پسند کی اور گزشتہ روز اسے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو مذاق کرنے اور مذاق اڑانے کا فرق سمجھانے کی کوشش کی۔

انہوں نے لکھا 'یہ ہوتی ہے اصل میم، یاد رکھیں مذاق کرنے اور مذاق اڑانے میں زمین آسمان کا فرق ہے'۔

—علیزے شاہ/انسٹا گرام
—علیزے شاہ/انسٹا گرام

علیزے شاہ کی جانب سے مذاق کرنے اور مذاق اڑانے کا فرق سمجھانے کے لیے منفرد انداز میں یہ موازنہ خوب پسند کیا گیا اور مخلتف انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر بھی کیا گیا، بیشتر صارفین نے اداکارہ کی رائے سے اتفاق کیا۔

—اسکرین شاٹ/انسٹا گرام
—اسکرین شاٹ/انسٹا گرام

—اسکرین شاٹ/انسٹا گرام
—اسکرین شاٹ/انسٹا گرام

تاہم چند صارفین نے حسب معمول تضحیک اور تنقید کا سلسلہ جاری رکھا۔

—اسکرین شاٹ/انسٹا گرام
—اسکرین شاٹ/انسٹا گرام

واضح رہے کہ اداکارہ علیزے شاہ ماضی میں مختلف تنازعات کے سبب خبروں کی زینت بنی رہی ہیں جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید اور تضحیک کا سامنا رہا ہے۔

اس سے قبل 2020 کے مقبول ڈرامے ’میرا دل، میرا دشمن‘ کی شوٹنگ کے حوالے سے یاسر نواز نے جون 2021 میں احسن خان کے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں علیزے شاہ کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں افسوس رہے گا کہ انہوں نے ان کے ساتھ کام کیوں کیا۔

یاسر نواز کے ان ریمارکس کے بعد اداکار نوید رضا، اداکارہ زرنش خان سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والی متعدد دیگر شخصیات نے بھی علیزے شاہ کے رویے سے متعلق منفی تبصرے کیے تھے۔

علیزے شاہ نے بھی یاسر نواز کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے علی سفینا کو ایک ویڈیو میں بتایا تھا کہ اگر شوٹنگ سیٹ پر کوئی ان کے ساتھ بدتمیزی کرے گا تو وہ بھی ان کے ساتھ ایسا ہی رویہ اختیار کریں گی۔

تاہم بعد ازاں یاسر نواز نے علیزے شاہ سے متعلق اپنے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہیں علیزے شاہ کا نام نہیں لینا چاہیے تھا، انہیں اس بات کا بہت دُکھ ہے کہ اُنہوں نے کیوں علیزے شاہ کا نام لے لیا اور یہ بات ٹی وی پر بتا دی۔

گزشتہ سال کے اختتام پر علیزے شاہ کی کار میں بیٹھے ہوئے سگریٹ پینے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس پر انہیں شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بعدازاں علیزے شاہ نے کار میں سگریٹ نوشی کی ویڈیو کو بلا اجازت ریکارڈ کرنے اور اسے وائرل کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا تھا۔

خیال رہے کہ ڈان آئیکون کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں اداکارہ نے کہا تھا کہ 'ایسا بہت کچھ ہے جس پر میں بات کرنا چاہتی ہوں مگر کچھ کہہ نہیں پاتی۔ متعدد بار ایسا بھی ہوا کہ میرے الفاظ کو غلط انداز سے پیش کیا گیا'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں