لاہور میں پی ٹی آئی کارکن سے 200 شناختی کارڈز برآمد

17 جولائ 2022
ملزم  نے حلقہ پی پی 168 کے ہر شناختی کارڈ ہولڈر کو 2 سے 3 ہزار روپے دیے تھے—تصویر:سوشل میڈیا
ملزم نے حلقہ پی پی 168 کے ہر شناختی کارڈ ہولڈر کو 2 سے 3 ہزار روپے دیے تھے—تصویر:سوشل میڈیا

پولیس نے فیکٹری ایریا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن کو گرفتار کرنے اور اس کے قبضے سے 200 کے قریب شناختی کارڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ خالد سندھو نامی شخص پی پی 168 میں ووٹ خریدنے کا منصوبہ بنا رہا تھا جس کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے حلقہ پی پی 168 کے ہر شناختی کارڈ ہولڈر کو 2 سے 3 ہزار روپے دیے تھے۔

یہ بھی پڑٖھیں: پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

انہوں نے مزید کہا کہ ملزم ضمنی انتخابات میں اپنی پارٹی کی حمایت کے لیے ووٹ خرید رہا تھا۔

اس کے علاوہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے 200 شناختی کارڈز بھی برآمد کر لیے، خالد سندھو کی سابق وزیر فرخ حبیب اور پی ٹی آئی کے پی پی 168 کے امیدوار نواز اعوان کے ساتھ ہونے والی واٹس ایپ چیٹ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

فرخ حبیب نے سندھو سے ملنے کے لیے اپنا مقام بھی شیئر کیا جس نے انہیں شناختی کارڈ کی تصاویر بھیجیں تھیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پی ٹی آئی کارکن کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ دھاندلی پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ڈی این اے میں ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب ضمنی انتخابات: پاک فوج کا 'حساس علاقوں' کا جائزہ

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دھاندلی کا نیا طریقہ ایجاد کیا جب وہ الیکشن بیگ چوری کرنے اور ای سی پی کے اہلکاروں کو خریدنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے مزید ٹویٹ کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکن جانتے ہیں کہ وہ ماضی میں دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں جیت سکتے اور موجودہ الیکشن بھی نہیں جیت سکتے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ الیکشن ہے سلیکشن نہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں