شعیب اختر کی اپنی زندگی پر 'راولپنڈی ایکسپریس' فلم بنائے جانے کی تصدیق

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2022
کرکٹر نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے فلم بنائے جانے کی تصدیق کی—اسکرین شاٹ
کرکٹر نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے فلم بنائے جانے کی تصدیق کی—اسکرین شاٹ

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر 'راولپنڈی ایکسپریس' نامی فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی۔

شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 46 ٹیسٹ میچ کھیلے، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 178 وکٹیں حاصل کیں۔

شعیب اختر نے 163 ون ڈے میچز میں 247 جب کہ 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 19 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مارچ 2011 میں ریٹائرمنٹ لی تھی، کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل وہ کافی عرصے تک فٹنیس کے مسائل سے دوچار رہے تھے۔

انہیں دنیا کے فاسٹ ترین باؤلر کا اعزاز بھی حاصل ہے، کہا جاتا ہے کہ ان کی باؤلنگ کی رفتار 100 میل فی گھنٹہ کے برابر ہوتی تھی، اپنے کیریئر میں وہ کئی تنازعات، اسکینڈلز اور مسائل سے دوچار رہے جب کہ کیریئر ختم ہونے کے بعد بھی وہ اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔

شعیب اختر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکساں مقبول رہے، اس لیے اب ان کی زندگی پر 'راولپنڈی ایکسپریس' نامی انٹرنیشنل فلم بنائی جا رہی ہے، جو کہ پاکستان کے کسی بھی کرکٹر پر بنائی جانے والی پہلی عالمی فلم ہوگی۔

یہ ویڈیو دیکھیں: روضہ رسولﷺ کے سامنے ہوٹل کا کمرہ ملنے پر شعیب اختر کا اظہار تشکر

شعیب اختر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں تصدیق کی کہ ان کی زندگی پر 'راولپنڈی ایکسپریس' نامی فلم بنائی جا رہی ہے، جس میں ان کی زندگی کے وہ پہلو بھی شامل ہوں گے جو کہ اب تک کسی کے سامنے نہیں آئے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس میں فلم کا موشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فلم کو کیو فلم پروڈکشن تیار کر رہا ہے اور اس کی ہدایات ایم فراز قیصر دے رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'راولپنڈی ایکسپریس' میں وہ باتیں اور انکشافات شامل ہوں گے جو کہ آج تک راز بنے ہوئے ہیں۔

کرکٹر نے لکھا کہ بہت سارے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ان سے متعلق ہر چیز جانتے ہیں مگر ایسا نہیں اور اب ان کی زندگی پر بننے والی بائیوگرافی فلم میں سب راز سامنے آجائیں گے۔

انہوں نے 'راولپنڈی ایکسپریس' سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی، تاہم بتایا کہ فلم کی کہانی ان کی زندگی کے ارد گرد گھومے گی۔

مزید پڑھیں: شعیب اختر اور معین خان کی لفظی جنگ شدید تر ہوگئی

خیال کیا جا رہا ہےکہ فلم میں شعیب اختر کے یادگار کرکٹ میچز بھی دکھائے جائیں گے، جس وجہ سے فلم میں دیگر کرکٹرز کے کردار بھی شامل کیے جائیں گے۔

امکان ہے کہ فلم میں شعیب اختر کے تمام تنازعات اور اسکینڈلز کو دکھایا جائے گا، جس کی وجہ سے فلم میں کئی نامور کرداروں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 'راولپنڈی ایکسپریس' کو آئندہ سال تک ریلیز کردیا جائے گا اور ممکنہ طور پر اس میں شعیب اختر سمیت کچھ نامور کھلاڑیوں کو حقیقی طور پر بھی دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

شعیب اختر نے 2011 میں ریٹائرمنٹ لی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
شعیب اختر نے 2011 میں ریٹائرمنٹ لی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (0) بند ہیں