سجل علی ’مادر ملت‘ فاطمہ جناح بننے کو تیار

04 اگست 2022
سجل علی پچاس سالہ فاطمہ جناغ بنیں گی—فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
سجل علی پچاس سالہ فاطمہ جناغ بنیں گی—فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

خبریں ہیں کہ جلد ہی مقبول اداکارہ سجل علی چھوٹی اسکرین پر تقسیم برصغیر پر بنائی جانے والی سیریز میں ’مادر ملت‘ محترمہ فاطمہ جناح کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

جی ہاں، سجل علی جلد ہی تین سینز پر مشتمل ایک منفرد سیریز میں فاطمہ جناح کے روپ میں دکھائی دیں گی، جس کی پہلی قسط رواں ماہ 14 اگست کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

دانیال کے افضال کی لکھی ہوئی کہانی اور ان کی ہی جانب سے ہدایت کردہ سیریز میں سجل علی کے علاوہ مزید دو اداکارائیں بھی فاطمہ جناح کا کردار ادا کریں گی اور مذکورہ سیریز کی کہانی مادر ملت کے گرد ہی گھومے گی۔

ڈراما ساز نے ڈان امیجز کو بتایا کہ ’مادر ملت‘ کی زندگی پر بنائی والی سیریز میں سجل علی کے علاوہ سندس فرحان اور سامعہ ممتاز بھی فاطمہ جناح کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

مذکورہ ویب سیریز کی کہانی فاطمہ جناح کی زندگی پر مشتمل ہے، تاہم اس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے سیاسی حالات اور فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی بھی دکھائی جائے گی۔

تین سیزنز پر مشتمل سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا اور پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی دکھائی جائے گی، جس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے حالات بھی دکھائے جائیں گے۔

پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کے بچپن اور جوانی کا کردار اداکارہ سندس فرحان ادا کریں گی جب کہ دوسرے سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا روپ دھاریں گی۔

سیریز کے دوسرے سیزن میں تحریک آزادی، تقسیم برصغیر اور قیام پاکستان کے واقعات دکھائے جائییں گے اور اس سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی۔

ڈراما ساز کے مطابق سیریز کا دوسرا سیزن سب سے اہم ہے، تاہم اس کے تمام سیزن ہی شاندار ہوں گے اور شائقین پہلی بار ایک منفرد کہانی کو اسکرین پر دیکھیں گے۔

دانیال کے افضال کے مطابق سیریز کے آخری سیزن میں پاکستان بننے اور فاطمہ جناح کی وفات تک کے مناظر دکھائے جائیں گے اور اس میں سامعہ ممتاز ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی۔

ان کے مطابق سجل علی پچاس سالہ فاطمہ جناح بنیں گی جب کہ سامعہ ممتاز 70 سالہ مادر ملت کا روپ دھاریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کی کاسٹ میں دیگر اداکار بھی شامل ہے اور اسے ابتدائی طور پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اسے کسی ٹی وی چینل پر بھی ریلیز کیا جا سکتا ہے۔

ڈرامے کے ہدایت کار کے مطابق انہوں نے ’اور اسٹوڈیو‘ کے بینر تلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے لیے سیریز تیار کی ہے، تاہم اسے کسی ٹی وی چینل پر بھی نشر کیا جا سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں