ملتے ہی لوگ پہلا سوال کرتے ہیں، عمران خان آپ کے رشتے دار ہیں؟ سدرہ نیازی

دونوں کا تعلق ایک ہی قبیلےاور علاقے سے ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ ٹوئٹر
دونوں کا تعلق ایک ہی قبیلےاور علاقے سے ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ ٹوئٹر

نیوز رپورٹر سے اداکاری میں قدم رکھنے والی اداکارہ سدرہ نیازی نے کہا ہے کہ لوگ ان سے ملتے ہی ان سے پہلا سوال یہ کرتے ہیں کہ کیا عمران خان ان کے رشتے دار ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان بھی نیازی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی آبائی علاقہ بھی میانوالی ہے۔

سدرہ نیازی کا آبائی علاقہ بھی میاںوالی ہے اور انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کا اور عمران خان کا علاقہ و قبیلہ ایک ہی ہے۔

’فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں سدرہ نیازی نے کہا کہ نیازی قبیلہ اتنا بڑا نہیں ہے اور ان کے بزرگ عمران خان کو جانتے ہیں اور ان کی ملاقاتیں بھی ہوتی رہی ہیں مگر وہ براہ راست تحریک انصاف کے چیئرمین کو نہیں جانتیں۔

انہوں نے بتایاکہ ان کے والدین میانوالی سے ہی تعلق رکھتے ہیں مگر ان کی پیدائش پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہوئی اور انہوں نے وہیں سے کیریئر کا آغاز کیا۔

اداکارہ کے مطابق جب وہ چھوٹی تھیں تو عمران خان ان کی دادی سے ملنے آئے تھے جب کہ سابق وزیر اعظم اداکارہ کے چچا سے بھی ملتے رہتے ہیں تھے، کیوں کہ ان کے چچا کالم نگار تھے۔

ان کے مطابق تقریبا نیازی قبیلے کے لوگ ایک دوسرے کو جانتے ہوں گے مگر اب نئی نسل میں ایسا نہیں اور وہ بھی براہ راست عمران خان کو نہیں جانتیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرائم رپورٹنگ کرتے کرتے اداکارہ بن گئی، سدرہ نیازی

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کسی شادی کی تقریب میں وہ بھی شامل تھیں تو عمران خان بھی وہاں موجود تھے اور ان کی وہی پہلی اور اب تک کی آخری ملاقات ہے لیکن وہ بھی ان کی براہ راست ملاقات نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ بھی نیازی ہیں اور عمران خان بھی نیازی ہے تو یہ قریبی رشتے دار بھی ہوں گے اور وہ انہیں سپورٹ بھی کرتی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ بطور نیازی وہ عمران خان کو سپورٹ نہیں کرتیں، کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ قبیلے کی بنیاد پر کسی کو سپورٹ نہیں کیا جانا چاہیے۔

سدرہ نیازی کے مطابق لوگ ان سے سیاست سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کی غلطیوں کا ذمہ دار انہیں بھی ٹھہرانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر بتایا کہ انہوں نے بطور نیوز کرائم رپورٹر کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پھر اتفاقی طور پر وہ اداکاری میں آئیں۔

ان کے مطابق انہیں ہم ٹی وی میں اسکرپٹ لکھنے کا شوق تھا اور وہ اسی کام کے لیے سلطانہ صدیقی سے ملی تھیں مگر انہوں نے انہیں اداکاری کی تجویز دی اور پھر انہوں نے اداکاری شروع کردی۔

اس سے پہلے انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے لاہور میں کسی نیوز چینل میں کرائم رپورٹر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا اور پھر سلطانہ صدیقی کی تجویز کے بعد ایک جاننے والے ڈائریکٹر کی ٹیلی فلم ’لال‘ میں کام کیا، جس کے بعد وہ فلم ٹائم اداکارہ بن گئیں۔

سدرہ نیازی نے 2020 کے آغاز میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور کم ہی وقت میں اچھی جگہ بنانے میں کامیاب گئیں۔

اب تک سدرہ نیازی ایک درجن سے زائد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں جب کہ وہ چند ٹیلی فلموں میں بھی جوہر دکھا چکی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں