بھارت: بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، کم از کم 50 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 21 اگست 2022
بارشوں کی وجہ سے سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے — فوٹو: رائٹرز
بارشوں کی وجہ سے سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے — فوٹو: رائٹرز

بھارت میں شدید مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بارشوں کی وجہ سے سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے، بارش نے گھروں کو تباہ کردیا اور رہائشی پھنسے ہوئے ہیں جبکہ ریسکیو کا عملہ متاثرین کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

رواں مہینے کے اوائل میں وفاقی موسمیات کے دفتر نے پیشگوئی کی تھی کہ بھارت میں اگست اور ستمبر میں اوسط بارشیں ہوں گی، اس بات کی نشاندہی کی گئی تھی کہ ایشیا کی تیسری بڑی معیشت میں فصلوں کی اچھی پیدوار ہوگی، جو ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں زراعت پر انحصار کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی 2.7 کھرب ڈالر کی معیشت میں زراعت کا حصہ 15 فیصد ہے جبکہ ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک کی نصف سے زائد تعداد کا انحصار زراعت پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: شدید بارشوں کے بعد سیلاب آنے سے 15 افراد ہلاک

حکومتی حکام نے رائٹرز کو بتایا کہ ہمالیہ کی ریاست ہماچل پردیش میں گزشتہ تین دنوں کے دوران شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب آنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق قریبی ریاست اتراکھنڈ میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے 4 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 13 افراد لاپتا ہیں۔

اتراکھنڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام رنجیت کمار سنہا کا کہنا تھا کہ ریسیکو آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے، بارشوں سے متعلق واقعات کے سبب دوردراز علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جارہا ہے۔

ریاستی حکام نے بتایا کہ شمالی ریاست اڑیسہ میں بارشوں کے سبب کم از کم 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اڑیسہ میں سیلاب کی وجہ سے تقریباً 8 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، بارشوں کی وجہ سے بجلی اور پانی کی فراہمی میں مشکلات درپیش ہیں اور سڑکوں کے انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت: ریاست منی پور میں بارش، لینڈ سلائیڈنگ سے 25 افراد ہلاک

مشرقی ریاست جھاڑکھنڈ کے ضلع رام گڑھ کے حکام نے بتایا کہ ریاست میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے، جبکہ ہفتے والے دن 5 افراد ندی کے پانی میں بہہ گئے تھے۔

رام گڑھ ضلع کے اہلکار مادھوی مشرا کا کہنا تھا کہ اب تک 4 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں